تحریک انصاف کا خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے لیے کل سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ

بدھ 5 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف نے خیبر پختونخوا میں انتخابات کی تاریخ کے لیے جمعرات کے روز سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے مشاورت مکمل کر لی گئی ہے۔

پی ٹی آئی خیبر پختونخوا کے ترجمان شوکت یوسف زئی نے بتایا کہ پٹیشن بدھ کو جمع ہونی تھی تاہم درخواست کے ساتھ کچھ ضروری دستاویزات کی عدم دستیابی اور وکلاء کے ساتھ پی ٹی آئی کی سینئر لیڈرشپ کی مشاورت کی وجہ سے تاخیر ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ درخواست میں سپریم کورٹ سے استدعا کی جائے گی کہ گورنر خیبرپختونخوا نے 28 مئی کو الیکشن کی تاریخ دی تھی اور وہ میڈیا پر بھی رپورٹ ہوچکی تھی تاہم بعد میں انہوں نے بغیر کوئی وجہ بتائے 8 اکتوبر کی تاریخ دے دی۔

شوکت یوسف زئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ پہلے ہی بتا چکی تھی کہ انتخابات 90 دن کے اندر کرائے جائیں یا اس کے قریب تاریخ دی جائے تاہم گورنر نے پہلے 28 مئی کی تاریخ کا اعلان کیا اور بعد میں 8 اکتوبر کی تاریخ دی جس کا کوئی جواز نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے درخواست میں استدعا کی جائے گی کہ خیبرپختونخوا میں بھی مئی میں انتخابات کرانے کا حکم دیں۔

تحریک انصاف کی جانب سے ممتاز قانون دان بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر گوہر سپریم کورٹ میں پٹیشن دائر کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پٹیشن دائر کرنے کے موقع پر میرے سمیت پاکستان تحریک انصاف کی سینئرقیادت صوبائی صدر پرویز خٹک ، سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، سابق گورنر شاہ فرمان خان ، سابق وزیراعلیٰ محمود خان، اسپیکر مشتاق غنی، سابق صوبائی وزراء محمد عاطف خان، تیمور سلیم جھگڑا اور بیرسٹر محمد علی سیف سپریم کورٹ میں موجود ہوں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp