رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ میں پاکستانی چاول کی برآمدات میں 100 فیصد تک اضافہ

جمعہ 20 ستمبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران پاکستانی چاول کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی برآمدات کے مقابلے میں تقریبا 100 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان بیورو آف مشاریات کے مطابق جولائی تا اگست 2024 کے دوران 464.667 ملین ڈالر مالیت کے 340,703 میٹرک ٹن سے زائد چاول برآمد کیے گئے جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 233.992 ملین ڈالر مالیت کی 340,703 میٹرک ٹن چاول برآمد کیے گئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: چاول کی تجارت کے نئے دروازے کھل گئے، مگر بڑھتے ٹیکس کتنا نقصاندہ؟

باسمتی چاول کی برآمدات میں 103.63 فیصد اضافہ ہوا کیونکہ 192.610 ملین ڈالر مالیت کے 187,016 میٹرک ٹن باسمتی چاول برآمد کیے گئے جب کہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں چاول کی 94.590 ملین ڈالر مالیت کی 79,180 میٹرک ٹن کی برآمدات تھیں۔

مجموعی طور پر رواں مالی سال کے پہلے 2 ماہ کے دوران پاکستانی چاول کی برآمدات میں گزشتہ سال کی اسی مدت کی برآمدات کے مقابلے میں 98.58 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

پاکستان نے 2 ماہ میں چاول سے کتنی رقم کمائی؟

یہ بھی پڑھیں : کیا پاکستان نے عالمی منڈی میں چاول کی برآمد کا نادر موقع گنوا دیا؟

زیر جائزہ مدت کے دوران ملک نے تقریباً 430,045 میٹرک ٹن چاول کی دیگر اقسام برآمد کر کے 272.057 ملین ڈالر کمائے، جو گزشتہ سال کے پہلے 2مہینوں میں 135.402 ملین ڈالر ریکارڈ کیے گئے تھے۔

فوڈ گروپ کی درآمدات میں کمی

دریں اثنا ملک میں فوڈ گروپ کی درآمدات میں مالی سال 25 کے 2 ماہ کے دوران گزشتہ سال کی اسی مدت کی درآمدات کے مقابلے میں 18.15 فیصد کی نمایاں کمی واقع ہوئی۔

درآمد غذائی اجناس

جولائی سے اگست 2024 تک پاکستان نے 1.066 بلین ڈالر مالیت کی مختلف غذائی اجناس درآمد کیں، جو کہ گزشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران 1.303 بلین ڈالر سے کم ہیں، جب کہ زیر جائزہ مدت کے دوران ملک سے فوڈ گروپ کی برآمدات میں 42.39 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: آزاد کشمیر کی وادی لیپہ میں کاشت ہونے والا سرخ چاول

پاکستان بیورو آف شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق، جولائی تا اگست 2024 کے دوران، 1.011 بلین ڈالر مالیت کی غذائی اجناس برآمد کی گئیں جبکہ گزشتہ سال کی اسی مدت میں 710.651 ملین ڈالر کی برآمدات کی گئی تھیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp