وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے سعودی عرب کے قومی دن پر شاہ سلمان بن عبدالعزیز، سعودی ولی عہد محمد بن سلمان، شاہی خاندان اور سعودی عرب کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
محسن نقوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حالیہ قیادت کی سربراہی میں سعودی عرب نے ترقی کی نئی منازل طے کی ہیں، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے سفارتی تعلقات دوستی، محبت اور بھائی چارے کی اعلیٰ مثال ہیں، پاک سعودیہ دوستی آزمائش کی ہر گھڑی میں پورا اتری ہے۔ حجاز مقدس مسلمانوں کی عقیدت کا محور اور روحانیت کا بنیادی مرکز ہے، پاکستان اور سعودی عرب کے عوام مذہبی اور برادرانہ رشتوں سے جڑے ہوئے ہیں۔
مزید پڑھیں:وزیراعظم شہباز شریف کی سعودی عرب کو 94ویں یوم الوطنی کے موقع پر مبارکباد
وزیر داخلہ محسن نقوی نے واضح کیا کہ سعودی عرب نے پاکستان کا ہمیشہ مشکل وقت میں ساتھ دیا۔ اسلام اور مسلمانوں کی خدمت کے لیے سعودی عرب کے شاہی خاندان کی خدمات کو فراموش نہیں کیا جاسکتا، پاکستان اور سعودی عرب کے مابین گہرے اور دیرینہ تعلقات ہمیشہ قائم و دائم رہیں گے۔
محسن نقوی کی ڈپلومیٹک انکلیو میں سعودی سفارتخانے آمد
محسن نقوی ڈپلومیٹک انکلیو اسلام آباد میں سعودی عرب کے سفارتخانے پہنچے تو سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے ان کا استقبال کیا۔ وفاقی وزیر داخلہ نے سعودی عرب کے قومی دن پر سعودی سفیر کو مبارکباد دی اور شاہی خاندان اور عوام کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔
وزیرداخلہ محسن نقوی نے مشکل کی ہر گھڑی میں بھرپور تعاون پر سعودی عرب کی حکومت اور سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ سعودی عرب نے ہر آزمائش میں پاکستان کا پورا ساتھ دیا ہے۔ سیلاب ہو یا زلزلہ، معاشی مشکلات یا کوئی اور ایشو، سعودی عرب کے بے پایاں تعاون کی نظیر نہیں ملتی۔
مزید پڑھیں:سعودی عرب کا قومی دن، ایک تاریخی لمحہ
ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب سے ہر مسلمان کو خصوصی عقیدت ہے۔ سعودی عرب نے مشکلات میں پاکستان کا بھرپور ساتھ نبھایا ہے۔ ہر پاکستانی کو سعودی عرب سے تاریخی دوستی پر ناز ہے۔
اس موقع پر سعودی سفیر نواف بن سعید احمد المالکی نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتے ہیں۔ پاکستان ہمارا بردار ملک ہے۔