سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلے کے بعد مارگلہ کی پہاڑی چوٹی پر واقع مونال اور دیگر ریسٹورنٹ کو خالی کر دیا گیا تھا جبکہ اب وہاں عمارتوں و دیگر تعمیرات کو مسمار کرنے کا عمل جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق اب اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ اس چوٹی پر اسلام آباد ویو پوائنٹ کا منصوبہ تیار کر رہا ہے اور گزشتہ تمام تعمیرات کو ختم کر کے وہاں پودے لگائے جائیں گے جبکہ اسلام آباد کا ویو دیکھنے کے لیے آنے والوں کے بیٹھنے کے لیے بینچز بھی نصب کی جائیں گی۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے ایک افسر نے وی نیوز کو بتایا کہ مونال کے قریبی گاؤں تلہار اور دیگر آبادی کو مونال ریسٹورنٹ کے باہر رش کے باعث آمد و رفت میں کافی مشکلات کا سامنا رہتا تھا اور اس علاقے کے لوگوں کی درخواست تھی کہ اس چوٹی پر کوئی نئی تعمیرات نہ کی جائے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے افسر نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ مونال اور دیگر ریسٹورنٹ کی جگہ پر جو نیا منصوبہ بنایا جا رہا ہے اس کا مقصد مارگلہ ہلز نیشنل پارک (MHNP) کی پہاڑی چوٹی کو بحال کرنا، وہاں کے قدرتی ماحول کو محفوظ کرنا اور عوام کو ایک صحت افزا تفریحی مقام فراہم کرنا ہے۔
منصوبے میں کون سی سہولیات شام ہوں گی؟
اس نئے منصوبے کے مطابق پہاڑی چوٹی کو اسلام آباد ویو پوائنٹ کے طور پر تبدیل کیا جائے گا اور وہاں عوامی تفریح اور مقامی نباتات اور حیوانات کے بارے میں آگاہی بڑھانے کے لیے کوششیں کی جائیں گی۔
ریسٹورنٹس کی تعمیرات کے انہدام کا کام اتوار سے شروع کیا جاچکا ہے اور اس سارے علاقے کا کنٹرول اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ نے سنبھال لیا ہے۔ اب یہاں کی سیر کرنے والوں کے لیے آرام دہ بینچز نصب کی جائیں گے تاکہ وہ خوبصورت مناظر کا لطف اٹھا سکیں۔
اس چوٹی پر ایسے مقامی پودے لگائے جائیں گے جو اس علاقے میں حیاتیاتی تنوع کو فروغ دیا جا سکے اور اس علاقے میں جنگلی حیات کے لیے قدرتی مسکن بنایا جا سکے۔ اس کے علاوہ مقامی جانوروں سے متعلق آگہی کے لیے تعلیمی نوعیت کے ڈسپلے بورڈز نصب کیے جائیں گے۔
اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کے افسر کے مطابق منصوبے کے تحت پہاڑی ٹیرسز کی دیواروں کو برقرار رکھا جائے گا تاہم اندر سے کنکریٹ ہٹا دیا جائے گا تاکہ وہاں پودے لگائے جا سکیں۔
علاوہ ازیں وہاں سورج غروب ہونے کے بعد سولر لائٹس بند کردی جائیں گی تاکہ جنگلی حیات کی زندگی کسی بھی طرح متاثر نہ ہو۔