صوبہ خیبرپختونخوا میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے صوبائی ادارے (پی ڈی ایم اے) نے بالائی اضلاع میں جمعرات سے بالائی اور وسطی علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
پی ڈی ایم اے کے مطابق، 25 ستمبر سے مرطوب ہوائیں خلیج بنگال سے ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہونے کا امکان ہے، جس کے باعث چترال، دیر، سوات، کوہستان، شانگلہ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، ہری پور، بونیر، مالاکنڈ، باجوڑ، مہمند، خیبر، پشاور، صوابی، نوشہرہ، مردان، چارسدہ، کرم، اورکزئی، ہنگو، بنوں، لکی مروت، وزیرستان اور ڈی آئی خان میں تیز ہواؤں اور وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں: 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان
پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ موسلادھار بارشوں کے باعث مانسہرہ، کوہستان، چترال، گلگت بلتستان، دیر، سوات، شانگلہ، نوشہرہ اور صوابی کے مقامی ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ جبکہ نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ اور بالائی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی خدشہ ہے۔ پی ڈی ایم اے کی جانب سے تمام ضلعی انتظامیہ کو موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے تمام اضلاع کی انتظامیہ کو آندھی، جھکڑ چلنے اور بارشوں کے باعث کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ انتظامیہ کو کسی بھی نا خوشگوار واقعے سے پیشگی نمٹنے کے لیے چھوٹی بڑی مشینری کی دستیابی یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: آگرہ میں مسلسل 3 دن سے بارش، تاج محل کی چھت ٹپکنے لگی
پی ڈی ایم اے کی جانب سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تیز ہواؤں کی صورت میں عوام بجلی کی تاروں، بوسیدہ عمارتوں و تعمیرات، سائن بورڈز اور بل بورڈز سے دور رہیں جبکہ کسان حضرات موسمیاتی پیشگوئی کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے معمولات ترتیب دیں۔ حساس بالائی علاقوں میں سیاحوں اور مقامی آبادی کو موسمی حالات سے باخبر رہنے کے لیے احتیاتی تدابیر اپنانے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
حساس اضلاع میں ضلعی انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ مقامی آبادی تک پیغامات مقامی زبانوں میں پہنچائے جائیں، کسی بھی ہنگامی صورتحال میں تمام متعلقہ ادارے روڈ لنکس کی بحالی کے لیے تیار رہیں اور سڑک کی بندش کی صورت میں ٹریفک کے لیے متبادل راستوں کے انتظامات کریں جبکہ سیاحوں کو بھی موسمی صورت حال سے آگاہ کیا جائے۔ پی ڈی ایم اے ترجمان نے کہا ہے کہ پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سنٹر مکمل طور پر فعال ہے، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع پی ڈی ایم اے کی فری ہیلپ لائن 1700 پر دیں۔