اسلام آباد کے تھانہ کھنہ کے مختلف علاقوں میں پولیس کا گرینڈ سرچ اینڈ کومبنگ آپریشن دوران حراست میں لیے گئے افراد میں سے 20 کے خلاف مقدمات درج کرلیے گئے۔
پولیس ترجمان کے مطابق آپریشن میں لیڈی اہلکاروں سمیت بھاری نفری نے حصہ لیا اور 55 مکانات کے علاوہ مختلف ہوٹلز اور سرائے خانوں میں موجود 105 مشکوک افراد کو چیک کیا گیا۔ مشکوک افراد میں سے 32 افراد کو تھانے لے جایا گیا تاہم پھر ان میں سے 20 کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔
ایس پی سواں زون کی سپرویژن میں پولیس کی بھاری نفری نے سرچ آپریشن میں حصہ لیا۔ آپریشن سے قبل ایس پی کی جانب سے نفری کو آپریشن سے متعلق ہدایات بھی دی گئیں۔
سرچ آپریشن کے دوران بغیر نمبر پلیٹ والی 4 گاڑیوں کو بھی تھانے منتقل کیا گیا۔
اس دوران 5 منشیات فرشوں سمیت 11 ملزمان کو گرفتار کر کے 2 کلو گرام سے زائد ہیروئن، ایک کلو گرام سے زائد چرس اور اسلحہ معہ ایمونیشن برآمد کر کے مقدمات درج کر لیے گئے۔
پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ سرچ آپریشن کا مقصد علاقہ میں جرائم کا سدباب کرنا ہے۔ آئی جی اسلام آباد نے جرائم کی بیخ کنی کے لیے ضلع بھر میں گرینڈ سرچ آپریشنز کے احکامات جاری کیے ہیں۔
ترجمان نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ چیکنگ کے دوران پولیس سے تعاون کریں اور کسی بھی مشکوک سرگرمی کے متعلق پولیس کو اطلاع دیں۔