چیمپیئنز ون ڈے کپ کے پہلے ایلیمینٹر میچ میں لائنز نے اسٹالینز کو 12 رنز سے شکست دیدی ہے، اس کے ساتھ ہی اسٹالینز اس ٹورنامنٹ کے فائنل کی دوڑ سے باہر ہوگئی ہے۔
فیصل آباد کے اقبال اسٹیڈیم میں چیمپیئنز ون ڈے کپ کے پہلے ایلیمینٹر میچ میں لائنز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اورز میں 263 رنز بنائے اور اسٹالینز کو جیت کے لیے 264 رنز کا ہدف دیا، جواب میں اسٹالینز مقررہ 50 اوورز میں 251 رنز بنا سکی۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ون ڈے کپ، پینتھرز نے مارخورز کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی
اسٹالینز کی جانب سے یاسر خان 39، معاذ صداقت 27، حسین طلعت 32 ، طیب طاہر 28، محمد محسن 30، محمد حارث 30 اور جہانداد خان 36 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
لائنز کی جانب سے سراج الدین نے ایک، احمد دانیال 3، شارون سراج ایک، خوشدل شاہ 3 اور فیصل اکرم نے ایک وکٹ حاصل کی۔
اس سے قبل لائنز کی اننگز میں ٹاپ آرڈر بلے باز روحیل نذیر صرف 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے جنہیں عبید شاہ نے آؤٹ کیا، لائنز کے دوسرے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی کپتان امام الحق تھے، انہیں بھی عبید شاہ نے ناقابل یقین کیچ تھام کر پویلین کی راہ د،کھائی، امام الحق 32 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 23 رنز بناسکے۔
یہ بھی پڑھیں: مارخور کے مینٹور مصباح الحق چیمپیئنز کپ چھوڑ کر امریکا کیوں چلے گئے؟
لائنز کے تیسرے آؤٹ ہونے والے بلے باز محمد طلحہ تھے جنہوں نے 59 گیندوں کا سامنا کیا اور 2 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنائے، صرف 3 رنز کے فرق سے اپنی نصف سنچری مکمل نہ کرسکے۔
عامر یامین اور احمد دانیال نے لائنز کی جانب سے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، عامر نے 57 گیندوں پر 46 رنز اور احمد دانیال نے 59 گیندوں پر 65 رنز بنا کر لائننز کو 260 رنز سے اوپر کا ہدف کھڑا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
لائنز کی جانب سے عمیر یوسف 4، عرفان خان7، خوشدل شاہ2 ، سراج الدین 7 اور فیصل اکرم 2 رنز بنا سکے اور ڈبل فگر میں داخل نہیں ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ون ڈے کپ، مارخورز نے اسٹالینز کو شکست دیدی
اسٹالینز کی جانب سے عبید شاہ نے 3، حارث رؤف نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ عادل امین اور معاذ صداقت نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کھیلے گئے کوالیفائر میں پینتھرز نے مارخورز کو7وکٹوں سے ہراکر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ آج کے میچ کی فاتح لائنز کو فائنل میں پہنچنے کے لیے مارخورز سے ٹکرانا پڑے گا، دونوں ٹیموں کے مابین سیمی فائنل کی حیثیت رکھنے والا میچ 27 ستمبر کو اقبال اسٹیڈیم فیصل آباد میں ہوگا، اس میچ کی فاتح ٹیم فائنل میں پینتھرز سے ٹکرائے گی، فائنل 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔