پنجاب میں انتخابات عدالتی افسروں کے ذریعہ کرائے جائیں، تحریک انصاف

جمعرات 6 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریکِ انصاف نے پنجاب میں عام انتخابات عدالتی افسروں کے ذریعے کرانے کے لیے چیف الیکشن کمشنر کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے عدالتی عملے کی نامزدگی کے حوالے سے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرنے کی استدعا کی ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے اظہر صدیق ایڈووکیٹ کے توسط سے چیف الیکشن کمشنر کو ارسال کیے گئے مراسلے میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ شفافیت کے پیش نظر انتخابات ہمیشہ عدالتی افسروں  کے ذریعے کرائے جاتے ہیں۔

’انتخابات کےشفاف انعقاد کے لئے عدالتی افسران کی نامزدگیوں نہ ہونے پر تشویش کا شکار ہیں۔ سپریم کورٹ انتخابات کے التوا سے متعلق کیس میں واضح ہدایات دے چکی ہے۔ آئین کے آرٹیکل 213, 218 اور 220 بھی اس حوالے سے واضح ہدایات فراہم کرتے ہیں۔‘

تحریک انصاف کے مطابق الیکشن کمیشن بھی غیر جانبدار رہتے ہوئے عدالتی عملے کے لیے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرے کیونکہ عدالتی افسروں کی بجائے حکومتی  ماتحت افسروں کو انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری سونپنے کی صورت میں انتخابات کی شفافیت پر سوال اٹھیں گے۔

’شفاف انتخابات کا انعقاد نہ ہونے سے عدلیہ پر مقدمات کے بوجھ میں مزید اضافہ ہوگا۔ دھاندلی کے خاتمے اور آزادانہ انتخابات کے انعقاد کیلئے عدلیہ کا کردار نہایت اہمیت کا حامل ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp