چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان آنے سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پالیسی بیان دے دیا

منگل 1 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بورڈ آف کنٹرول فورکرکٹ ان انڈیا یعنی بی سی سی آئی کے نائب صدر راجیو شکلا کا کہنا ہے کہ آئندہ برس فروری سے شروع ہونیوالی چیمپیئنز ٹرافی میں شرکت کے لیے بھارتی قومی کرکٹ ٹیم کے پاکستان جانے کا فیصلہ بھارتی حکومت کرے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق راجیو شکلا کے مطابق اس پر کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے لیکن کرکٹ بورڈ کی پالیسی ہے کہ بین الاقوامی دوروں کے لیے ہمیشہ حکومت سے اجازت لی جاتی ہے۔ ’باقی حکومت پر منحصر ہے کہ وہ فیصلہ کرے کہ ہماری ٹیم کو کسی ملک میں جانا چاہیے یا نہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: بھارتی کرکٹ ٹیم چیمپیئنز ٹرافی کھیلنے پاکستان نہیں جائے گی، بھارتی میڈیا کا دعویٰ

راجیو شکلا کا کہنا تھا کہ حکومت جو بھی فیصلہ کرے گی، بورڈ اس کی پابندی کرے گا، انہوں نے مزید کہا کہ آئی سی سی کی جانب سے بی سی سی آئی کو اس معاملے پر فیصلہ کرنے کے لیے کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی گئی ہے۔

بھارت اور پاکستان صرف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کے شیڈولڈ ایونٹس میں ایک دوسرے کیخلاف کھیلتے ہیں، بھارت نے 2008 میں ممبئی میں ہونیوالے دہشت گرد حملوں کے بعد سے دو طرفہ کرکٹ کے لیے پاکستان کا سفر نہیں کیا ہے جبکہ پاکستان نے 7 سال کے وقفے کے بعد گزشتہ سال ون ڈے ورلڈ کپ کے لیے بھارت کا سفر کیا تھا۔

مزید پڑھیں: بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکریٹری جے شاہ آئی سی سی کے بلامقابلہ چیئرمین منتخب

بی سی سی آئی کے نائب صدر کے مطابق آئی پی ایل میگا نیلامی نومبر کے آخر میں ہوگی اور مقام کے بارے میں فیصلہ ہونا باقی ہے۔ ’ہم مقام کو حتمی شکل دے رہے ہیں، غالباً آئی پی ایل کی نیلامی نومبر کے آخر میں ہوگی۔ نیلامی کی میزبانی کے لیے تمام اختیارات کھلے ہیں، چاہے ہندوستان میں ہو یا بیرون ملک، جہاں لوگ اس طرح کی تقریبات سے زیادہ لطف اندوز ہوتے ہیں۔‘

راجیو شکلا، جو اتر پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن میں کوئی انتظامی عہدہ نہیں رکھتے، نے بتایا کہ گرین پارک بی سی سی آئی کی روٹیشن پالیسی کی وجہ سے ناقص نکاسی آب کی سہولیات کے باوجود، جس کے نتیجے میں بنگلہ دیش کے خلاف جاری ٹیسٹ کے 2 روز ضائع ہوگئے تھے، بین الاقوامی میچوں کی میزبانی جاری رکھے گا۔

مزید پڑھیں: کونسا مشہور بھارتی کرکٹر مودی کو پیارا ہوگیا؟

’تنقید ایک ایسی چیز ہے جس کے ہم عادی ہیں، جب کانپور کو میچ دیا گیا تو مجھے تنقید کا نشانہ بنایا گیا اور جب یہ ناقص نکاسی آب کا مسئلہ ہوا تو مجھے دوبارہ تنقید کا نشانہ بنایا گیا، 80 سالوں میں یہ پہلا موقع تھا کہ بارش کی وجہ سے ہم دو دن تک میچ کی میزبانی نہیں کر سکے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp