بھارت نے بنگلہ دیش کے خلاف 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ڈرامائی انداز میں 7 وکٹوں سے فتح سمیٹ کر سیریز 0-2 سے جیت لی۔
بھارت کے شہر کانپور کے گرین پارک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے بارش سے متاثرہ اس ٹیسٹ میچ کا آج پانچواں دن تھا۔ میچ کے پہلے دن صرف 35 اوورز کا ہی کھیل ہو سکا تھا جبکہ دوسرے اور تیسرے دن ایک بھی گیند نہیں پھینکی جاسکی تھی۔
یہ بھی پڑھیں: چیمپیئنز ٹرافی، پاکستان آنے سے متعلق بھارتی کرکٹ بورڈ نے پالیسی بیان دے دیا
میچ کے چوتھے روز بھارتی ٹیم کے بولرز نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بنگلہ دیشی ٹیم کو 233 رنز پر ڈھیر کردیا۔ بنگلہ دیش کی جانب سے صرف مومن الحق نمایاں کارکردگی دکھا سکے، انہوں نے 107 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ نے 3 جبکہ محمد سراج، روی چندرن ایشون اور آکاش دیپ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بنگلہ دیش کے 233 کے جواب میں بھارتی ٹیم نے جارحانہ اننگز کھیلی اور مجموعی طور پر ٹیسٹ کرکٹ میں سب سے تیز 50 رنز، 100 رنز، 150 رنز، 200 رنز اور 250 رنز کا اسکور اپنے نام کیا۔ بھارتی کی جانب سے یشاسوی جیسوال 72، کے ایل راہول 68 اور ویرات کوہلی 47 رنز بنا کر نمایاں اسکورر رہے۔ بنگلہ دیش کے مہدی حسن میراز اور شکیب الحسن نے 4، 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
بھارت نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 52 رنز کی برتری کے بعد 285 رنز پر اننگز ڈکلیئر کردی۔ چوتھے دن کے اختتام تک بنگلہ دیش نے اپنی دوسری اننگز میں 2 وکٹ کے نقصان پر 26 رنز بنا لیے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: بھارت کا ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں تیز ترین نصف سنچری کا نیا عالمی ریکارڈ
میچ کے پانچویں اور آخری روز بنگلہ دیش کی پوری ٹیم اپنی دوسری اننگز میں صرف 146 رنز بناسکی۔ بنگلہ دیش کی جانب سے شادمان اسلام اور مشفیق الرحیم کے علاوہ کوئی کھلاڑی بڑا اسکور نہ کرسکا، ان دونوں نے بالترتیب 50 اور 37 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے جسپریت بمراہ، روی چندرن ایشون اور رویندرا جدیجا نے 3، 3 وکٹیں حاصل کیں۔
واضح رہے کہ 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کے چنئی میں کھیلے گئے پہلے میچ میں بھارت نے بنگلہ دیش کو 280 رنز سے شکست دی تھی۔