پاکستان کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز بیٹر بابر اعظم نے ون ڈے اور ٹی20 اسکواڈ کی کپتانی سے استعفیٰ دے دیا ہے اور کہا ہے کہ قومی ٹیم کی قیادت میرے لیے ایک اعزازرہا ہے تاہم اب تمام ترتوجہ اپنی کارکردگی پردینا چاہتا ہوں۔
منگل کو سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنی ایک پوسٹ میں بابر اعظم نے کہا کہ میں آج کچھ خبریں شیئر کررہا ہوں، میں نے قومی کرکٹ ٹیم کی کپتانی سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا ہے جس کا اعلان گزشتہ ماہ پی سی بی اور ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کیا گیا تھا۔
Dear Fans,
I’m sharing some news with you today. I have decided to resign as captain of the Pakistan men’s cricket team, effective as of my notification to the PCB and Team Management last month.
It’s been an honour to lead this team, but it’s time for me to step down and focus…
— Babar Azam (@babarazam258) October 1, 2024
بابر اعظم نے لکھا کہ ’قومی ٹیم کی قیادت کرنا میرے لیے اعزازکی بات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں استعفیٰ دے دوں اوراپنے کیرئیر اور کھیل پربھرپورتوجہ مرکوز کروں۔ ٹیم کی کپتانی ایک بہترین اور سود مند تجربہ رہا ہے۔
انہوں نے لکھا کہ کپتانی میں ایک اضافی بوجھ شامل ہے۔ میں اپنی کارکردگی کو ترجیح دینا چاہتا ہوں، اپنی بیٹنگ سے لطف اندوزہونا چاہتا ہوں اوراپنے خاندان کے ساتھ اچھا وقت گزارنا چاہتا ہوں، جس سے مجھے خوشی ملتی ہے۔
بابراعظم نے مزید لکھا کہ عہدہ چھوڑنے سے میں آگے بڑھنے میں بہتر کارکردگی حاصل کروں گا اوراپنے کھیل پرزیادہ توجہ دوں گا۔
انہوں نے اپنے مداحوں کی جانب سے غیرمتزلزل حمایت اورمجھ پراعتماد کے لیے ان کا شکریہ ادا کیا۔ مجھے قومی ٹیم کی قیادت پر فخر ہے اب میں ایک کھلاڑی کی حیثیت سے ٹیم میں اپنا حصہ ڈالنے کے لیے پرجوش ہوں۔ آپ کی محبت اورحمایت کے لیے بے حد شکریہ۔