ایران کا اسرائیل پر حملہ، پاکستان ایئر ٹریفک کنٹرول کے لیے نئی ہدایات جاری

بدھ 2 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایران کے اسرائیل پر منگل کے روز کیے گئے میزائل حملوں کے بعد سول ایوی ایشن اتھارٹی نے پاکستان ایئرٹریفک کنٹرول کو نئی ہدایات جاری کردی ہیں۔

سول ایوی ایشن اتھارٹی ذرائع کے مطابق، ایئر ٹریفک کنٹرول کو ایران، افغانستان اور اطراف سے آنے والی  تمام پروازوں کی سخت نگرانی کی ہدایت کی گئی ہے جس کے تحت پاکستان کی فضائی حدود کے قریب ہونے والی ہر قسم کی نقل و حرکت پر نظر رکھی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں: ایران کا اسرائیل پر حملہ، پی آئی اے نے پروازوں کو ایرانی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا

پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) نے بھی اپنے ایمرجنسی ریسپانس سینٹر کو فعال کردیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، پی آئی اے کے چیف آف سیفٹی کی طرف سے اس ضمن میں ہدایت جاری کردی گئی ہے، پی آئی اے ایمرجسنی رسپانس سینٹرمیں ’بلیو لیول‘ کی ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پی آئی اے کے تمام شعبہ جات کو ایران اسرائیل کشیدگی کے تناظر میں تیار رہنے اور پی آئی اے کے تمام شعبہ جات کو ایمرجنسی پلان مرتب کرنے کی بھی ہدایات جاری کردی گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسرائیل پر میزائل حملے، امریکا کی ایران کو سنگین نتائج کی دھمکی

واضح رہے کہ گزشتہ روز پی آئی اے نے ایران کی جانب سے اسرائیل پر میزائل حملے کے بعد اپنی تمام پروازوں کو ایران کی فضائی حدود استعمال کرنے سے روک دیا تھا۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا تھا کہ اسرائیل پر ایرانی حملے کے بعد ایران کی فضائی حدود استعمال نہ کرنے سے متعلق ازسر نو پلان ترتیب دیے جارہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق جب تک صورتحال واضح نہیں ہوجاتی ایران کی فضائی حدود استعمال نہیں کریں گے۔ ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے ایران کی فضائی حدود کے 2 کوریڈور استعمال کرتا ہے، ناردرن کوریڈور کینیڈا اور ترکیہ جانے والی پروازیں استعمال کرتی ہیں جبکہ سدرن کوریڈور یواے ای، بحرین، دوحہ اور سعودی عرب کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp