رہنما تحریک انصاف چوہدری پرویز الہی سمیت زارا الہی اور راسخ الہی کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ سے نکال دیا گیا ہے، ایف آئی اے کی جانب سے اس کی تصدیق کے بعد لاہور ہائیکورٹ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب کی درخواست نمٹادی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:غیرقانونی بھرتی کیس: پرویز الہیٰ سمیت دیگر ملزمان پر فرد جرم پھر عائد نہ ہوسکی
واضح رہے کہ 24 ستمبر کو عدالت نے چوہدری پرویز الٰہی اور دیگر کا نام پاسپورٹ کنٹرول لسٹ اور ایگزٹ کنٹرول لسٹ سے نکالنے کا حکم دیا تھا، اس ضمن میں عملدرآمد کی بابت سماعت لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا نے کی۔
پرویز الہی سمیت دیگر نے نام پی سی ایل سے نکالنے کے لیے درخواست دائر کی تھی، درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ ان کا اور ان کے اہل خانہ کے نام سیاسی بنیادوں پر کنٹرول لسٹ میں شامل کیے گئے ہیں، ان کا موقف تھا کہ انہیں عمرے کی ادائیگی کے لیے سفر کرنا ہے، عدالت ای سی ایل سے نام نکالنے کا حکم دے۔
مزید پڑھیں: سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کا انتخابی مینڈیٹ تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے، پرویز الٰہی
گزشتہ روز احتساب عدالت لاہور میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے تحریک انصاف کے صدر چوہدری پرویزالہی کا کہنا تھا کہ موجودہ سیاسی عدم استحکام تحریک انصاف کے انتخابی مینڈیٹ کو تسلیم نہ کرنے کا نتیجہ ہے، ہر سچے پاکستانی کی طرح وہ اور ان کا خاندان عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں۔