لاپتا ہونے والے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ کے بعد اڈیالہ جیل کے مزید 3 افسران برطرف

جمعرات 3 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

اڈیالہ جیل میں تقرریوں اور تبادلوں کے علاوہ برطرفیوں کا سلسلہ بھی زوروشور سے جاری ہے۔ کچھ روز قبل واپس آنے والے لاپتا ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل محمد اکرم سمیت، 4افسران کو برطرف کردیا گیا ہے، جن میں ایک اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ ریاض خان اور 2وارڈرز شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق سیکرٹری داخلہ پنجاب نورالامین مینگل نے اس حوالے سے نوٹیفیکیشن جاری کیا، جس کے مطابق برطرف ہونے والے افسران کو جیل میں قتل کی انکوائری میں قصوروار ثابت ہونے پر نوکری سے نکالا گیا ہے۔

مزید پڑھیں: عمران خان کی وکلا سے ملاقات نہ کرانے کا معاملہ، اڈیالہ جیل سپریٹنڈنٹ کا سپریم کورٹ سے رجوع

نوٹیفکیشن کے مطابق آئی جی جیل خانہ جات پنجاب کے حکم پر تمام جیل افسران کے خلاف 29 فروری کو ذہنی مریض قیدیوں کے سیل میں حوالاتی کے قتل پر انکوائری جاری تھی، انکوائری میں اس وقت کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ ایگزیکٹومحمد اکرم سمیت 7 ملازمین کو قصوروار قرار دیا گیا تھا۔

نوٹیفکیشن میں 4افسران کو نوکری سے فارغ کرنے کی سفارش کی گئی تھی، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں مجاز اتھارٹی نے 30اگست کوملازمین کو شوکازنوٹسز جاری کرکے جواب طلبی کی تھی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق ڈائریکٹر جنرل ڈائریکٹوریٹ آف مانیٹرنگ ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ذاتی سماعت میں بھی ملازمین پیش ہوئے، تاہم ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ غیر حاضر رہے۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد ہائیکورٹ: علامہ ناصر عباس کی عمران خان سے ملاقات نہ کرانے پر سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل سے جواب طلب

تاہم، سابق ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ اڈیالہ جیل محمد اکرم ،آفیسر انچارج نفسیاتی وارڈ اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ جیل ریاض خان، وارڈر ناصر محمود بیرک انچارج اور وارڈر امیر عباس بیٹ ڈیوٹی شفٹ کو ملازمت سے فارغ کردیا گیا۔ نائٹ ڈیوٹی افسر اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ محمودالحسن کو 2سال اور ہیڈ وارڈر واجد محمود کو ایک سال سروس ضبط کرنے کی سزا دی گئی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp