پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے لیے کمنٹری پینل کا اعلان کردیا ہے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ انگلینڈ کے سابق ٹیسٹ کپتان ڈیوڈ گوور، مائیکل ایتھرٹن اور ناصر حسین اس سیریز کے لیے کمنٹیٹرز کے طور پر پاکستان آئیں گے، اس سے قبل وہ دسمبر 2022 میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ہونے والے 3 ٹیسٹ میچوں کی کوریج بھی کرچکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: پی سی بی نے بابر اعظم کا کپتانی سے استعفیٰ منظور کرلیا
پاکستانی آوازوں میں سابق ٹیسٹ کپتان عامر سہیل اور رمیز راجہ، ٹیسٹ کرکٹر بازید خان اور پاکستان ویمن ٹیم کی سابق کپتان عروج ممتاز شامل ہیں جبکہ زینب عباس پریزینٹر کے فرائض انجام دیں گی۔
🚨 Unveiling the 𝙤𝙛𝙛𝙞𝙘𝙞𝙖𝙡 𝙘𝙤𝙢𝙢𝙚𝙣𝙩𝙖𝙧𝙮 𝙥𝙖𝙣𝙚𝙡 for the #PAKvENG Test series 🎙️
More details ➡️ https://t.co/V0qwNPfJ73#TestAtHome pic.twitter.com/b5WqgOYsvK
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) October 3, 2024
اس سے قبل پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 میچوں پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کے لیے میچ آفیشلز کا اعلان کیا گیا تھا۔ پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں سری لنکا کے کمار دھرما سینا اور بنگلادیش کے شرف الدولہ سیکت آن فیلڈ امپائرز ہوں گے۔ دونوں امپائرز آئی سی سی ایلیٹ پینل میں شامل ہیں۔
ویسٹ انڈیز کے سر رچی رچرڈسن سیریز میں میچ ریفری کی حیثیت سے پلیئنگ کنٹرول ٹیم کے سربراہ ہوں گے جبکہ آئی سی سی ایلیٹ پینل آف امپائرز میں شامل نیوزی لینڈ کے کرسٹوفر گیفینی اور پاکستان کے آصف یعقوب فورتھ امپائر کے فرائض انجام دیں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کا حصہ ہے، جس کا پہلا میچ 7 سے 11 اکتوبر تک ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔
دوسرا ٹیسٹ میچ بھی ملتان میں 15 سے 19 اکتوبر تک کھیلا جائے گا جبکہ تیسرا اور آخری ٹیسٹ 24 سے 28 اکتوبر سے راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔