کل اسلام آباد پر دھاوا بولا گیا تو نرمی نہیں برتی جائےگی، وزیر داخلہ محسن نقوی کی پی ٹی آئی کو وارننگ

جمعرات 3 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پی ٹی آئی کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کل کسی نے اسلام آباد پر دھاوا بولا تو کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ملائیشیا کے وزیراعظم پاکستان کے دورے پر ہیں، جبکہ وفاقی دارالحکومت میں اہم نوعیت کی بین الاقوامی تقاریب ہورہی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں پی ٹی آئی کے احتجاج سے قبل اسپیشل ماسک کی فروخت میں اضافہ

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف نے کل احتجاج کی کال دی ہے، لیکن ہمیں سوچنا چاہیے کہ کوئی احتجاج پاکستان کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے، پی ٹی آئی بھی پاکستان کی جماعت ہے کوئی باہر کی جماعت نہیں۔

محسن نقوی نے کہاکہ سیاست کریں مگر یہ طریقہ درست نہیں ہے، کیونکہ ایک سربراہ مملکت پاکستان میں موجود ہیں، جبکہ سعودی عرب کا وفد بھی پاکستان آرہا ہے۔

’احتجاج کو روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے‘

انہوں نے کہاکہ اگر کوئی احتجاج کرے گا تو ہم روکنے کے لیے ہر حد تک جائیں گے، اس کے لیے تیاری پوری ہے، پھر بعد میں کوئی شکوہ نہ کرے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ سیکیورٹی کے انتظامات میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی، کیونکہ وفاقی دارالحوکمت اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کو پہلے بھی جلسے کی اجازت دی گئی تھی، اب ابھی اجازت لے کر جلسہ کیا جائے لیکن احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے۔

’کل جو ہاتھ چڑھے گا، پھر بعد میں کوی یہ نہ کہے کہ ان کے ساتھ نرمی کریں‘

محسن نقوی نے کہاکہ کل جو ہاتھ چڑھے گا پھر کوئی نہ کہے ان کے ساتھ نرمی کریں، کیونکہ کسی کو دھاوا بولنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

انہوں نے کہاکہ ہم اسلام آباد کی سیکیورٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کو احتجاج کے فیصلے پر دوبارہ سوچنا چاہیے۔

وزیر داخلہ نے کہاکہ احتجاج کی کال کے ساتھ دوسرے صوبوں سے بھی لوگوں کو بلایا گیا ہے، ایسی صورت میں قانون اپنا راستہ خود لے گا۔

یہ بھی پڑھیں ریاست کی رٹ چیلنج کی تو آپ کا چیپٹر کلوز، فیصل واوڈا کا پی ٹی آئی کو دوٹوک پیغام

واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان نے کل ڈی چوک میں احتجاج کی کال دی ہوئی ہے، جس کے لیے تحریک انصاف نے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp