پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی جانب سے آج اسلام آباد کے ڈی چوک میں احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں موبائل فون سروس معطل کردی گئی ہے، شہر کے اطراف کنٹینرز لگا کر راستے بھی بند کردیے گئے ہیں۔
خیال رہے وزارت داخلہ کی جانب سے تحریک انصاف کو احتجاج کی اجازت نہیں دی گئی، اور جڑواں شہروں کو کنٹینرز لگا کر بند کردیا گیا ہے، ساتھ ہی موبائل سروس بھی معطل کردی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج: حکومت بھی ڈٹ گئی، موٹروے بند، اسلام آباد سیل
اسلام آباد ٹریفک پولیس کی جانب سے جاری کردہ ٹریفک پلان کے مطابق موٹروے ایم ون ایم ٹو کو بھی بند کردیا گیا ہے، چکری، باہتر، ٹیکسلا، اے ڈبلیو ٹی سے بھی شاہراؤں کو بند کیا گیا ہے۔
دوسری جانب محکمہ داخلہ پنجاب نے بھی پاکستان تحریک انصاف کے ڈی چوک پر احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی، اٹک اور سرگودھا میں دفعہ 144 نافذ کردی جبکہ پولیس کی معاونت کے لیے راولپنڈی میں رینجرز تعینات کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ محکمہ داخلہ پنجاب نے ان تمام شہروں میں موبائل سروس بھی بند کررکھی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی احتجاج کے پیش نظر جڑواں شہروں میں تمام تعلیمی ادارے بند
واضح رہے پاکستان تحریک انصاف کے بانی چیئرمین کی ہدایت پرآج ڈی چوک پر احتجاج کیا جائے گا جس سے نمٹنے کے لیے جڑواں شہروں کی انتظامیہ متحرک ہے جبکہ سیکیورٹی کے لیے سخت انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔