وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا کہ دہائیوں کے بعد پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی میزبانی کررہا ہے، 12ممالک کے سربراہ پاکستان آئیں گے۔ شنگھائی تعاون تنظیم سربراہی کانفرنس کے لیے بھرپور تیاری جاری ہے، پاکستان کی خارجہ پالیسی کامیابی کی طرف گامزن ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ملائیشیا کے وزیر اعظم کا دورہ پاکستان بہت کامیاب رہا، پاکستان کے ملائیشیا کے ساتھ برادرانہ تعلقات ہیں، عالمی رہنماؤں کے دورہ پاکستان سے معیشت مستحکم ہوگی، غیر ملکی قیادت کے دورے معیشت کے استحکام کی علامت ہیں۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں کشمیر اور فلسطین کا مقدمہ بھرپور انداز سے لڑا، عطا تارڑ
عطا اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان کا سافٹ امیج اجاگر کیا جارہا ہے، پاکستان دنیا کے لیے تجارت کی بہترین منڈی ثابت ہوگا۔ پاکستان کے بارے میں ہرملک مثبت بات کررہا ہے۔ آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک حکام نے بھی پاکستان کی معیشت کی بہتری کا اعتراف کیا ہے۔
’بلوم برگ نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو ایشیا کی ایمرجنگ اسٹاک قرار دیا‘۔
وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے اقوام متحدہ میں فلسطینیوں کے حق میں بہترین نقطہ نظر پیش کیا، انہوں نے کشمیر کا موقف بھرپور انداز میں بیان کیا، برہان وانی کا ذکر کیا اور فلسطینیوں کی بھرپور آواز بنے، جس کو ہر ایک نے سراہا۔
’اقوام متحدہ کے پورٹل پر موجود شہباز شریف کی تقریر کو سب سے زیادہ لوگوں نے دیکھا اور سنا‘۔
یہ بھی پڑھیں: آئی ایم ایف معاہدہ معیشت مستحکم کرے گا، ڈیفالٹ کا رونا رونے والے کہاں ہیں؟ عطا تارڑ
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کے ویژن اور کاموں کی تعریف کئی ممالک کرچکے ہیں، چین نے ان کو شہباز اسپیڈ کا نام دیا، ایک سعودی وزیر نے کہا تھا کہ شباز شریف مین آف ایکشن ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ملکی معیشت بہتری کی طرف جا رہی ہے اور مہنگائی 32فیصد سے کم ہوکر 6فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ شرح سود اور مہنگائی میں کمی کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ درآمدی خسارہ اور تجارتی خسارے میں بھی کمی آئی ہے اور مزید بھی آئے گی۔