صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف سے آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے لاہور میں ملاقات کی اور اس دوران دونوں نے پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تجارت، آئی ٹی، تعلیم اور زراعت میں تعاون کو وسعت دینے کی ضرورت پر زوردیا۔
یہ بھی پڑھیں: کیا آسٹریلیا کی نئی پالیسی نوجوانوں کو ملک چھوڑنے پر مجبور کرسکتی ہے؟
آسٹریلوی ہائی کمشنر نیل ہاکنز نے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک پاکستان کے ساتھ تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے کوشاں ہے۔
اس موقعے پر نواز شریف نے کہا کہ پاکستان آسٹریلیا پارٹنرشپ نہایت اہمیت کی حامل ہے اور حکومت آسٹریلیا کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
صدر ن لیگ نے کہا کہ آسٹریلوی سرمایہ کاروں کی پاکستان میں سرمایہ کاری پر مکمل معاونت کی جائے گی۔
مزید پڑھیے: آسٹریلیا کی جانب سے اسٹوڈنٹ ویزا فیس میں آج سے حیران کن اضافہ، آخر وجہ کیا ہے؟
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کار کی سہولت کے لیے بزنس فرینڈلی انوائرمنٹ فراہم کیا جارہا ہے اور حکومت کی خواہش ہے کہ زراعت اور آئی ٹی کے شعبے میں آسٹریلیا کے تجربے سے بھی مستفید ہوا جائے۔
ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کو مزید فروغ دینے پر بھی اتفاق ہوا۔