تحریک انصاف سے راہیں کس صورت میں جدا ہوجائیں گی، مولانا غفور حیدری نے بتادیا

جمعہ 4 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جمعیت علماء اسلام کے مرکزی سیکریٹری جنرل اور رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالغفورحیدری نے کہا ہے کہ پارلیمنٹ میں قانون سازی میں مشترکات نہیں ہوئیں تو پی ٹی آئی اور ہمارا راستہ الگ ہوجائے گا۔

قلات میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مولانا غفور حیدری کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی دونوں کی پارلیمنٹ میں مشترکات کی صورت میں ہی ہمارا مؤقف ایک رہ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ’پی ٹی آئی اور جے یو آئی آئین کو بچانے کے لیے مشترکہ جدوجہد کررہے ہیں‘

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی دن سے فروری 2024 میں ہونے والے عام انتخابات کو تسلیم نہیں کیا کیوں کہ وہ ایک ڈھونگ تھا جسے ہم مسترد کرچکے ہیں۔

مولانا غفور حیدری نے کہا کہ جب تک شفاف انتخابات، آئین پر عملدرآمد اور قانون کی پاسدداری نہیں ہوگی اس وقت تک ملک میں سیاسی و معاشی استحکام نہیں آسکتا۔

’حکومت کو ملک پر مسلط کرنے والے بھی پریشان ہیں‘

ان کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں امن وامان کی صورتحال گمبھیر ہوچکی ہے اور جن قوتوں نے حکومت کو ملک و قوم پر مسلط کیا وہ بھی پریشان ہیں کہ ان سے ملک نہیں چل رہا۔

جے یو آئی رہنما نے مطالبہ کیا کہ شفاف انتخابات از سرنو کروائے جائیں۔

مزید پڑھیے: جے یو آئی انٹرا پارٹی الیکشن، بلوچستان کے صوبائی امیر کے خلاف چور چور کے نعرے

 انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے حالات بہتری کی بجائے ابتری کی طرف جارہے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سردار اختر جان مینگل کا پارلیمنٹ سے استعفیٰ دینا ان کا ذاتی اور ان کی پارٹی کا مسئلہ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp