گیس مافیا نے ایل پی جی کی قیمت میں من مانا بلا اور جواز اضافہ کر دیا ہے۔ گھریلو گیس سیلنڈر کی قیمت میں 240 روپے کا اضافہ کیا گیا ہے۔
عرفان کھو کھر، چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ ایل پی جی کی قیمت میں 20 روپے فی کلو اضافے سے ایل پی جی 300 روپے فی کلو پر پہنچ گئی ہے۔ یوں گھریلو گیس سیلنڈر کی قیمت میں 240 روپے کا اضافہ ہوا ہے۔
عرفان کھوکھر نے ’وی نیوز‘ کو بتایا کہ یکم اپریل 2023 کے سرکاری نوٹیفیکیشن کے مطابق گیس کی فی کلو قیمت میں 50 روپے کمی کی گئی تھی۔ سرکاری ریٹ 280 روپے سے کم ہو کر 230 روپے فی کلو ہو گیا تھا۔ تاہم گیس مافیا نے نہ صرف سرکاری نوٹیفیکیشن کو نظر انداز کیا بلکہ 20 روپے کا مزید اضافہ کر دیا۔
عرفان کھوکھر نے مزید کہا گھریلو گیس سیلنڈر کی سرکاری قیمت 2702 روپے ہے جبکہ گیس مافیا من مانے اضافے کے ساتھ 3600 روپے میں فروخت کر رہی ہے۔ اسی طرح کمرشل گیس سیلنڈر کی قیمت بلیک میں 13500 پر پہنچ گئی ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا رمضان کے مقدس مہینے میں ایل پی جی کی لوٹ مار عروج پر پہنچ چکی ہے۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن گیس مافیا کے خلاف ملک گیر احتجاج کرے گی۔
چیئرمین ایل پی جی ایسوسی ایشن کا کہنا تھا پہاڑی، دور دراز علاقوں اور دیہاتوں میں گیس 320 روپے فی کلو جبکہ گلگت بلتستان میں 350 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے۔
عرفان کھو کھر کا کہنا تھا تمام ضلع کے صدور اپنے اپنے ضلع میی ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاج کریں اور ڈی سی کو مہنگی گیس پر شکایت کریں۔