پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاج میں خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کے استعمال پر وفاقی حکومت نے ایکشن لے کر تحقیقاتی کمیٹی قائم کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ’کرین اوردیگربھاری مشینری سرکاری ہوگی، بندے آپ لائیں‘، علی امین گنڈا پور نے پارٹی رہنماؤں کو بتا دیا
وفاقی وزارت داخلہ کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج کے لیے خیبرپختونخوا کی سرکاری مشینری کے استعمال کی تحقیقات کے لیے کمیٹی قائم کردی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ایڈیشنل سیکریٹری وزارت داخلہ رفعت مختار اور اے ڈی جی ایف آئی اے منیر مسعو مراٹھا کمیٹی میں شامل ہیں، انٹیلجنس بیورو کے 20 گریڈ سے اوپر کے افسر بھی کمیٹی کا حصہ ہیں۔
کمیٹی پی ٹی آئی کے مارچ میں سرکاری گاڑیوں کے استعمال اور احتجاج میں شامل ہونے والے کے پی کے سرکاری ملازمین کی شمولیت کی انکوائری کرے گی، کمیٹی کا کام ملازمین کی شناخت اور ذمہ داری کا تعین کرنا ہے جو اس میں ملوث تھے۔
یہ بھی پڑھیں: سرکاری وسائل پر ریاست مخالف پراپیگنڈا، پی ٹی آئی کا ایک اور اسکینڈل سامنے آگیا
کمیٹی منصوبہ بندی اور رابطہ کاری میں ملوث سرکاری ملازمین کا تعین کرے گی اور اپنی رپورٹ 7 دنوں میں مکمل کر وزارت داخلہ کو پیش کرے گی۔