پی ٹی آئی کا 9 مئی جیسے واقعہ کا منصوبہ تھا، وفاقی وزیر امیر مقام

پیر 7 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وفاقی وزیر سیفران امیر مقام نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا اسلام آباد احتجاج کی آڑ میں 9 مئی جیسے واقعہ کا منصوبہ تھا۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے احتجاج کی آڑ میں پورا صوبہ مفلوج کردیا، خیبرپختونخوا کے وسائل کو بے دردی سے استعمال کیا گیا، غریب صوبے کے وسائل تباہ و برباد کردیے۔

یہ بھی پڑھیں: ’چن کتھاں گزاری ائی رات وے؟‘ علی امین گنڈاپور نے خود بھید کھول دیا

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے پٹھانوں سے متعلق جو کہا وہ افسوس ناک ہے، وہ عمران خان کو کیا رہا کراتے، وہ تو خود بھاگ گئے تھے، گنڈاپور کئی لوگوں سے رابطے میں بھی تھے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کا کردار فلمی اداکار سے زیادہ نہیں، انہوں نے احتجاج کا ڈرامہ کیا اور لوگوں کو ورغلا کر خود غائب ہوگئے۔

وفاقی وزیر امیر مقام نے کہا کہ علی امین گنڈاپور باتیں بڑی بڑی کرتے ہیں، انہیں اتنی بزدلی کا مظاہرہ نہیں کرنا چاہیے تھا، یہ مسلح لوگ احتجاج کی آڑ میں لاشیں چاہتے تھے، سوال یہ ہے کہ آپ 20 گھنٹے کہاں غائب تھے اور کس کے ساتھ تھے، جب آپ دوڑ دوڑ کے تھک گئے تو فریش ہونے کے لیے کے پی ہاؤس جا پہنچے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ٹی آئی مظاہرین سے برآمد اسلحہ کی فوٹیج جاری، علی امین گنڈاپور کی ایک اور سی سی ٹی وی ویڈیو سامنے آگئی

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور نے لوگوں کو اسلام آباد پر یلغار کا کہا لیکن وہ اپنے لوگوں کو اسلام آباد میں چھوڑ کر بھاگ گئے، لیڈ کرنے والا فرنٹ پر ہوتا ہے، غائب نہیں ہوتا، پی ٹی آئی نے علی امین کو گرفتار اور غائب کرنے کا واویلا کیا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp