اسلام آباد کے کون سے راستے مکمل طور پر کھول دیے گئے؟

پیر 7 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تحریک انصاف کے احتجاج کے پیش نظر گزشتہ جمعہ سے قلعہ بند دارالحکومت میں معمولات زندگی بحال ہونا شروع ہوگئے ہیں، ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق اسلام آباد کے تمام راستے کھلے ہیں، 26 نمبر چنگی اور موٹر وے لنک روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں۔

ترجمان اسلام آباد ٹریفک پولیس کے مطابق اسلام آباد کے تمام راستے حسب معمول ٹریفک کے لیے بحال کردیے گئے ہیں، جہاں پیر کی صبح سے معمول کے مطابق ٹریفک رواں دواں ہے، اور ایس ایس پی ٹریفک سرفراز احمد ورک خود ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے کے لیے دورے کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد اور گردونواح میں موبائل سروس کب بحال ہوگی؟ وفاقی وزیر داخلہ نے خوشخبری سنادی

ٹریفک پولیس اپڈیٹ کے مطابق کورال چوک، کھنہ پل، فیض آباد ،مری روڈ اور اسلام آباد ایکسپریس ہائی وے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، مری روڈ ٹریفک پولیس آفس کے پاس سے دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔

پشاور موڑ اور گولڑہ موڑ سمیت  26نمبر چنگی اور موٹر وے لنک روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے، اسی طرح جڑواں شہروں کے درمیاں خط تقسیم کھینچنے والی کرنل شیر خان شہید روڈ کو بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

مزید پڑھیں:افغانوں کی فوج بنا کر اسلام آباد پر لشکرکشی کی جارہی ہے، خواجہ آصف

ٹریفک پولیس ترجمان کے مطابق ایران ایونیو کو بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے، اسی طرح کھنہ پل اور لہتراڑ روڈ سمیت جی14 سے سری نگر ہائی وے کو بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیےبحال کردیا گیا ہے، 17 میل، ٹول پلازہ، بہارہ کہو کو بھی مکمل طور پر ٹریفک کے لیے کھول دیا گیا ہے۔

کٹی پہاڑی جی ٹی روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے زیرو پوائنٹ اور خیابان چوک بھی دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھول دیے گئے ہیں، شہری ریڈ زون میں داخلے کے لیے مارگلہ روڈ استعمال کر سکتے ہیں۔

’ٹریفک پولیس کے افسران شہریوں کو ٹریفک فلو کو برقرار رکھنے کے لئے مصروف عمل ہیں، شہری ٹریفک کے متعلق بھی اپ ڈیٹ 1915 یا ایف ایم 92.4 سے حاصل کرسکتے ہیں، روات ٹی کراس دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلا ہے۔‘

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp