ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی نادر شفیع ڈار نے بتایا ہے کہ پاکستان میں 700 سے 800 پائلٹ خدمات انجام دے رہے ہیں جن میں 26 فیصد پائلٹس کا تعلق بیرونی ممالک سے ہے۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کے 100 پائلٹس ہمارے لائسنس پر بیرون ملک کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں جلد نئی ایئر لائنز بھی سروسز کا آغاز کریں گی۔
شفیع ڈار نے کہا کہ پی آئی اے کےتمام طیاروں کی مکمل جانچ پڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی ہوا بازی تنظیم کی آڈٹ رپورٹ آگئی ہے، پاکستان کے ایئر سیفٹی اقدامات خطےمیں اعلیٰ کارکردگی کے حامل ہیں۔
ڈی جی سول ایوی ایشن اتھارٹی کا کہنا تھا کہ پاکستان سول ایوی ایشن کی کارکردگی بھارتی ایوی ایشن سےاعداوشمار کے اعتبار سے بہتر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں کمرشل پروازوں کی آمد آئندہ چند دنوں میں بڑھےگی جبکہ ڈومیسٹک ایوی ایشن مارکیٹ میں بہتری کی گنجائش موجود ہے۔
نادر شفیع ڈار کا کہنا تھا کہ کورونا کےبعد پیدا ہونے والے جمود کے بعد اب بین الاقوامی ایوی ایشن مارکیٹ میں اضافہ ہوا ہے، نئی ایئر لائنز پاکستان میں فضائی آپریشنز کی خواہشمند ہیں اور یورپ میں پروازوں پر پابندی نومبر میں اٹھائےجانےکی بھی قوی امید ہے۔