سابق لیجنڈری بلے باز محمد یوسف نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ وہ ٹیسٹ کرکٹ میں ایک سال میں سب سے زیادہ رنز بنانے کا ریکارڈ کسی پاکستانی کھلاڑی کے ہاتھوں ٹوٹتے دیکھنا چاہتے ہیں۔
پاکستان کے سابق کرکٹر محمد یوسف نے پاکستانی کپتان بابراعظم کی شاندار کارکردگی اور قومی ٹیم کے لیے خدمات پر تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کا ریکارڈ توڑ سکتے ہیں۔
سابق کرکٹر محمد یوسف نے اپنے ایک انٹرویو میں کہا کہ کپتان بابر اعظم اس وقت میں پاکستان کے لیے سب سے اہم اور دنیا کے سرفہرست کھلاڑیوں میں ہیں۔
سابق بلے باز محمد یوسف نے کہا کہ بابر اعظم کی غیر معمولی کارکردگی نے انہیں اس دور میں پاکستان کا بہترین کرکٹر بنا دیا ہے اور اس وقت ان کا نام دنیا کے ٹاپ تین سے چار کھلاڑیوں میں لیا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بطور سابق کرکٹر مجھے پاکستانی کھلاڑی کے ہاتھوں اپنا ریکارڈ توڑتے دیکھ کر خوشی محسوس ہوگی اور اس بات پر مجھے کوئی شک نہیں کہ بابر اعظم اپنی غیر معمولی کاگردگی کی وجہ سے میرا ریکارڈ توڑنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔
محمد یوسف نے کہا کہ وہ بابر اعظم پر کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہتے ان کا ماننا ہے کہ کپتان کی توجہ میں کوئی خلل پوری ٹیم کی کارکردگی کو متاثر کر سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بابر ہماری ٹیم کے مین کھلاڑی ہے اور کسی بھی حوالے سے ہمیں ان پر کوئی دباؤ نہیں ڈالنا چاہیے۔ اگر کوئی مسئلہ ہوتا بھی ہے تو بابر کے ساتھ بات چیت کے ذریعے حل کیا جانا چاہیے۔.
پاکستان کرکٹ ٹیم کے 28 سالہ کپتان بابر اعظم بین الاقوامی کرکٹ میں شاندار ریکارڈز کے حامل ہیں جن میں 700 دنوں سے زائد عرصے تک ایک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں بلے بوزوں کی درجہ بندی میں نمبر ون پوزیشن پر رہنا بھی شامل ہے۔
واضح رہے کہ محمد یوسف کے پاس ایک سال میں سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے کا ریکارڈ ہے۔
محمد یوسف نے سنہ 2006 میں 11 ٹیسٹ میچوں میں 99.33 کی شاندار اوسط سے 1788 رنز بنائے تھے۔ اس دوران محمد یوسف نے نو سنچریاں اور تین نصف سنچریاں بنائی تھیں۔