جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے قریب جان لیوا دھماکے کی تحقیقات میں پیش رفت کرتے ہوئے کراچی پولیس نے خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس کے تفتیشی حکام کے مطابق جائے وقوعہ سے ملنے والے شواہد فورینزک تجزیہ کے لیے لیباریٹری بھیج دیے گئے ہیں جبکہ مختلف شواہد کی بنیاد پر خاتون سمیت 9 مشکوک افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: کراچی: جناح ایئرپورٹ کے قریب دھماکا، 3 غیرملکیوں سمیت 4 افراد ہلاک، 17 زخمی
واضح رہے کہ گزشتہ اتوار کی شب کراچی ایئرپورٹ کے قریب بم دھماکے میں 2 چینی انجینئرز سمیت 3 افراد ہلاک جبکہ 17 زخمی ہوگئے تھے، زور دار دھماکے کے بعد گاڑیوں میں آگ لگ گئی، زخمیوں میں خاتون، پولیس اور رینجرز اہلکار بھی شامل ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق جائے وقوعہ کی جیوفینسنگ مکمل کر لی گئی ہے، جس کے تحت جیو فینسنگ میں 6 مشکوک نمبر کا ڈیٹا حاصل کیا جارہا ہے، مشکوک نمبرز کا کال ڈیٹا رکارڈ بھی حاصل کرلیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں: کراچی ایئرپورٹ کے قریب دھماکے کی تحقیقات جاری، مبینہ دہشتگرد نے کب کیا کیا؟
تفتیشی حکام کا کہنا ہے کہ دھماکے میں12 گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرنے کا سلسلہ جاری ہے، دھماکے کی تحقیقات کے لیے خصوصی ٹیم بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔
ابتدائی تحقیقات کے مطابق حملہ آور کے پاس حملے کے وقت موبائل فون موجود نہیں تھا، دھماکے میں استعمال ہونے والی گاڑی کا روٹ بھی مل گیا ہے، حملہ آور دھماکے سے قبل بھی ایئر پورٹ کے مذکورہ سگنل سے گزرا، حملے میں متاثرہ 16 گاڑیوں کی مکمل تفصیلات بھی حاصل کرلی گئی ہیں۔
مزید پڑھیں: کراچی دھماکے میں چینی شہریوں کی ہلاکت پر بیجنگ کا ردعمل آگیا
پولیس حکام کے مطابق کراچی ایئرپورٹ کے نزدیک کرائم سین کو جلد کلیئر کردیا جائے گا، اب تک کی تحقیقات کے باوجود چینی انجینیئرز پر جان لیوا حملے کا مقدمہ تاحال ایئرپورٹ تھانے میں درج نہیں کیا گیا ہے۔