لبنان اور شام میں پھنسے 71 پاکستانیوں کا خصوصی پرواز کے ذریعہ انخلا، بحفاظت کراچی پہنچ گئے

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

لبنان اور شام میں پھنسے 71 پاکستانی شہری آج صبح دمشق سے کراچی پہنچے ہیں، دفتر خارجہ کے مطابق ایک خصوصی پرواز میں لبنان سے 67 پاکستانیوں کو واپس لایا گیا ہے، جو پاکستان آنے سے قبل سڑک کے راستے دمشق گئے تھے۔

دفتر خارجہ کے مطابق مزید 4 پاکستانی شہریوں کو پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کی اسی خصوصی پرواز سے شام سے نکالا گیا ہے، لبنان اور شام میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے سیکیورٹی، ٹرانسپورٹ اور خوراک کے انتظامات کیے گئے تھے تاکہ لبنان کے راستے کسی ناخوشگوار واقعے سے پاک انخلا یقینی بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کے حملوں میں تیزی، پاکستان کی لبنان میں اپنے شہریوں کے لیے ایڈوائزری جاری

ان کی آمد پر گورنر سندھ کامران ٹیسوری، وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی اور سندھ کے وزیر صنعت جام اکرام اللہ دھاریجو نے ایئرپورٹ پر ان کا استقبال کیا، گورنر سندھ نے لبنان سے پاکستانیوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کو اجاگر کرتے ہوئے یقین دلایا کہ لبنان میں پھنسے باقی پاکستانیوں کو بھی جلد وطن واپس لایا جائے گا۔

انہوں نے پاکستانیوں کی سرعت سے وطن واپسی میں سہولت فراہم کرنے میں سفارتخانوں کے بروقت اقدامات کا بھی اعتراف کرتے ہوئے جنگ زدہ لبنان سے 71 پاکستانی بحفاظت واپس پہنچنے پر اظہار تشکر کیا۔

مزید پڑھیں:لبنان پر اسرائیل کا زمینی حملہ، عالمی برادری کیا کہتی ہے؟

وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی نے کراچی ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک چیلنجنگ کام تھا، وزارت خارجہ نے پاکستانی شہریوں کی بحفاظت واپسی کو یقینی بنانے کی پوری ذمہ داری قبول کی، صوبائی وزیر صنعت جام اکرام نے اس کوشش میں سندھ حکومت کے کردار کی بھی تعریف کی۔

واضح رہے کہ وزارت خارجہ نے گزشتہ ماہ اپنے کرائسز مینجمنٹ یونٹ کو لبنان میں پاکستانی شہریوں اور ان کے اہل خانہ کی مدد کے لیے فعال کیا تھا، جو فلائٹ آپریشن کی معطلی کی وجہ سے بیروت میں پھنس گئے تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp