پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے تاریخی پروگرام کی منظوری، دلہن کو کتنی سلامی ملے گی؟

بدھ 9 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی زیر صدارت کابینہ اجلاس میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دیدی گئی ہے جس میں دلہنوں کو ایک لاکھ روپے سلامی بھی دی جائے گی۔

پنجاب میں اجتماعی شادیوں کے سب سے بڑے تاریخی پروگرام کی منظوری دیتے ہوئے صوبائی کابینہ نے مذکورہ پروگرام میں 3 ہزار غریب خاندان کی بچیوں کی اجتماعی شادی منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس میں دلہنوں کو اے ٹی ایم کارڈ کے ذریعے ایک لاکھ روپے سلامی دی جائےگی۔

یہ بھی پڑھیں:پنجاب حکومت 13ہزار اسکولوں کی نجکاری کیوں کر رہی ہے؟

وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے اجتماعی شادیوں کا دائر کار مزید بڑھانے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ مجوزہ اجتماعی شادی میں فرنیچر، ملبوسات، ڈنرسیٹ سمیت استعمال کی 13 اشیا بھی تحفتاً پیش کی جائیں گی۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس میں پنجاب بھر میں عارضی کاشت کے لیے ایک لاکھ ایکڑ زمین کاشتکاروں کوالاٹ کرنے کی منظوری سمیت صوبے بھر میں ای بس سروس اسکیم کی بھی منظوری دیدی گئی ہے۔

مزید پڑھیں:پنجاب حکومت کی جانب سے بجلی میں ریلیف، اکثریت کو فائدہ کیوں نہ مل سکا؟

پہلے مرحلے میں 27 بسیں آئیں گی اور ای بسوں کی پارکنگ میں چارجنگ کے لیے 1.2 میگا واٹ سولر پینل لگائے جائیں گے، پنجاب بھر میں 680 ای بسیں سال کے آخر تک فعال کردی جائیں گی۔؎

پنجاب کابینہ نے اپنے اجلاس میں صوبہ بھر میں عارضی کاشت کے لیے ایک لاکھ ایکڑ اراضی کو 3 اور 5 سال کے لیے لیز پر بے زمین کاشتکاروں کو الاٹ کرنیکی منظوری دی ہے۔

مزید پڑھیں:جامعات کے وائس چانسلر کی تقرری، پنجاب حکومت اور گورنر آمنے سامنے

وزیر اعلیٰ مریم نواز نے لاہور میں الیکٹرک ٹیکسی سروس کا پلان طلب کرتے ہوئے صوبہ بھر میں آٹا اور چکن کے نرخ کی کڑی مانیٹرنگ کا حکم دیا ہے۔

صوبائی کابینہ کے اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ پنجاب میں ایک لاکھ 70ہزار کاشت کاروں کو کسان کارڈ مل گئے، دو لاکھ 67ہزار کاشتکاروں کے لیے کسان کارڈ جاری کر دیے گئے ہیں، کسان کارڈکے لیے 11لاکھ کاشتکاروں نے درخواستیں جمع کرائیں،گرین ٹریکٹر اسکیم کے لیے 12لاکھ درخواستیں وصول کی گئی ہیں، جن میں سے 7 لاکھ درخواستوں کی جانچ پڑتال مکمل کرلی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp