وفاقی حکومت کی جانب سے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) کو کالعدم قرار دے کر پابندی لگانے کے بعد صوبے میں ان کے خلاف کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں، اور اس دوران 3 افراد جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔
جاں بحق افراد کی لاشوں اور بیشتر زخمیوں کو حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے، اسپتال ذرائع نے 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔
یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت نے سرکاری ملازمین کے پی ٹی ایم کے جلسے میں جانے پر پابندی لگادی
پولیس اور دیگر سیکیورٹی اداروں کی مدد سے رات گئے پی ٹی ایم کے خلاف کارروائی کا سلسلہ شروع کیا گیا۔ اس دوران پشاور اور ضلع خیبر کے سنگم پر واقع ریگی میں جرگے کی جگہ پر کارروائی کی گئی۔
کالعدم پی ٹی ایم کے قائدین نے الزام عائد کیا ہے کہ پولیس نے ان پر حملہ کیا اور اس دوران فائرنگ کے ساتھ شیلنگ بھی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ پولیس کارروائی کے دوران 3 کارکنان جاں بحق جبکہ درجنوں زخمی ہوگئے ہیں۔ تاہم صوبائی حکومت اور پولیس حکام کارروائی پر خاموش ہے، اور کوئی مؤقف دینے کو تیار نہیں۔
5 زخمی ضلع خیبر اسپتال منتقل
ضلع خیبر میں محکمہ صحت کے ایک افیسر نے بتایا کہ ریگی واقعے میں زخمی 5 افراد کو ضلع خیبر کے اسپتال منتقل کیا گیا ہے، جن کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زخمیوں کو طبی سہولت دی گئی اور اسپتال سے ڈسچارچ کردیا گیا۔
ریگی میں موجود ایک ذرائع نے بتایا کہ جرگے کی جگہ حالات بدستور خراب ہیں، اور پولیس شیلنگ کرکے کارکنان کو منتشر کرنے کی کوشش کررہی ہے۔
’جرگے کی جگہ قائم ٹینٹ کو بھی پولیس نے اکھاڑ دیا، جبکہ واقعے کی اطلاع پر پی ٹی ایم کے سپورٹرز بھی بڑی تعداد میں موقع پر پہنچ گئے اور کارروائی کے خلاف مزاحمت شروع کردی‘۔
ذرائع نے بتایا کہ کارروائی کے دوران درجنوں افراد زاخمی ہوگئے ہیں جنہیں خیبر اور پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس منتقل کیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید بتایا کہ علاقے میں موبائل اور انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔
عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) کے رکن خیبرپختونخوا اسمبلی نثار باز نے بھی 3 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی۔
انہوں نے بتایا کہ وہ خود جائے وقوعہ پر گئے تھے اور لواحقین سے ملاقات بھی کی ہے۔
پی ٹی ایم پر پابندی کیوں لگی؟
وفاقی حکومت نے پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) پر ایسے وقت میں پابندی لگائی جب وہ قومی جرگہ کرنے جارہی تھی۔
وفاقی محکمہ داخلہ کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق پی ٹی ایم مبینہ طور پر ریاست مخالف بیاننے اور ملک میں انتشار پھیلانے میں ملوث ہے۔
یہ بھی پڑھیں پی ٹی ایم کے ٹی ٹی پی اور افغان طالبان سے رابطے ہیں، پاکستان مخالف بیانیے پر کالعدم قرار دیا، وزیر اطلاعات
وفاقی حکومت کی جانب سے پابندی کے بعد ہی خیبرپختونخوا حکومت کارروائیاں کررہی ہے۔
3 روزہ جرگہ
پشتون تحفظ موومنٹ 11 اکتوبر سے 3 روزہ قومی جرگے کا انعقاد کررہی ہے، جس میں تمام سیاسی جماعتوں کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔