سعدیہ اقبال آئی سی سی ٹی20 رینکنگ میں ٹاپ کرنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں

جمعرات 10 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم کی کھلاڑی سعدیہ اقبال نے آئی سی سی ٹی20 پلیئر رینکنگ میں عارضی طور پر ٹاپ پوزیشن پر فائز ہونے والی پہلی پاکستانی خاتون بن کر تاریخ رقم کر دی ہے۔

پاکستانی اسپنر نے یہ سنگ میل انگلینڈ کی سوفی ایکلیسٹون کو پیچھے چھوڑ کر حاصل کیا، جو فروری 2020 سے رینکنگ پہ چھائی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان کی مینز اور ویمنز کرکٹ ٹیمیں آئندہ سال انگلینڈ کا دورہ کریں گی

سعدیہ اقبال نے سری لنکا کے خلاف ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے افتتاحی میچ میں صرف 17 رنز کے عوض 3 وکٹیں لینے کے بعد رینکنگ میں مختصر عرصہ کی برتری حاصل کر لی تھی جو ہفتے کے آخر تک برقرار رہی، کیونکہ سوفی ایکلیسٹون نے سعدیہ قبال کو دوسرے نمبر پر چھوڑتے ہوئے اپنی پہلی پوزیشن دوبارہ حاصل کر لی ہے۔

دونوں گیند بازوں کو محض 8 ریٹنگ پوائنٹس سے علیحدہ کیا گیا ہے، سوفی ایکلیسسٹون اس وقت 762 اور سعدیہ اقبال 754 پر ہیں، دوسری جانب اس وقت دبئی میں جاری ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ میں متوقع مقابلوں کے پیش نظر سعدیہ اقبال کے ایک بار پھر ٹاپ پوزیشن حاصل کرنے کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:ویمنز ٹی20 ایشیا کپ: بھارت نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

سعدیہ اقبال کے لیے یہ سال شاندار رہا، جنہوں نے 17 میچوں میں 28 وکٹیں حاصل کیں، جس سے وہ ٹی ٹوئنٹی فارمیٹ کے سب سے مضبوط بولرز میں سے ایک ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان کی سابق کپتان ثنا میر دوسری واحد پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے 2018-19 میں آئی سی سی ون ڈے پلیئر رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی تھی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp