امریکی میگزین فوربز کی دنیا کے امیر ترین افراد کی تازہ فہرست میں مکیش امبانی 119 بلین ڈالر کے ساتھ ایک بار پھر بھارت کے امیر ترین فرد بن گئے ہیں۔
فوربز کے مطابق مکیش امبانی کی دولت گزشتہ ایک سال میں 27.5 بلین ڈالر بڑھ کر 119.5 بلین ڈالر تک پہنچ گئی ہے جس کے بعد وہ دنیا کے 13ویں امیر ترین شخص بن گئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: مکیش امبانی کو پیچھے چھوڑنے والے نئے ایشیائی ارب پتی کون ہیں؟
اس فہرست میں بھارت کے دوسرے امیر ترین شخص گوتم اڈانی ہیں، جو اڈانی گروپ کے چیئرمین ہیں اور ان کے کل اثاثہ جات 116 بلین امریکی ڈالر ہیں۔
واضح رہے کچھ ماہ قبل مکیش امبانی سے بھارت کے امیر ترین شخص کا تاج چھن گیا تھا کیونکہ ان کی دولت میں 25 فیصد کمی ہوگئی تھی۔ جہاں مکیش امبانی کی دولت میں 25 فیصد کمی ہوئی وہیں بھارت کے صنعت کار اور اڈانی گروپ کے سربراہ گوتم اڈانی کے اثاثوں میں 95 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جس کے بعد وہ بھارت کے امیر ترین فرد بن گئے تھے مگر ایک بار پھر مکیش امبانی نے انہیں پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
مزید پڑھیں: مکیش امبانی اپنے بیٹے کی شادی میں کتنے ہزار کروڑ خرچ کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں؟
فوربز میگزین کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2024 کے سرفہرست 100 امیر ترین افراد کی مشترکہ دولت نے 1 ٹریلین ڈالر کا تاریخی سنگ میل عبور کیا اور ان افراد کی کل دولت 2024 میں 40 فیصد اضافے کے ساتھ 1.1 ٹریلین ڈالر تک پہنچ گئی، جو 2023 میں 799 بلین ڈالر تک محدود تھی۔