علی امین گنڈاپور نے فیصل کریم کنڈی کو ٹیلیفون کرکے کیا کہا؟ گورنر نے بتادیا

جمعرات 10 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کل فون کرکے جرگے میں شمولیت کی دعوت دی تھی، صوبے میں امن کے حوالے سے بات تھی جس کا انکار نہیں کرسکا۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سمیت تمام سیاسی جماعتوں کے قائدین نے وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں خیبرپختونخوا حکومت ایک نعرے ’کرپشن کرپشن‘ پر چل رہی ہے، فیصل کریم کنڈی

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے جرگے میں تمام افراد نے اپنے خیالات کا اظہار کیا، اس موقع پر جو چیزیں اور اختیار محسن نقوی سے مانگا گیا انہوں نے دیا۔

گورنر نے کہاکہ وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کو اختیار دیا گیا ہے کہ وہ تمام معاملے کو لیڈ کریں، ورکنگ ریلیشن گروپ بنایا گیا ہے جو امن کے لیے کام کرے گا۔

انہوں نے کہاکہ کل ہونے والے جرگے کی صدارت وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کریں گے، جبکہ میں بھی اس میں شرکت کروں گا۔

فیصل کریم کنڈی نے کہاکہ جو آئین و قانون میں رہ کر کام کرے گا اس سے بات کرنے کے لیے تیار ہیں، میں ہمیشہ خیبرپختونخوا میں قیام امن کے لیے بات کرتا رہا ہوں۔

یہ بھی پڑھیں سابق دوست موجودہ سیاسی حریف: علی امین اور فیصل کریم کنڈی کی ملاقات کیسی رہی؟

انہوں نے کہاکہ خیبرپختونخوا میں نوگو ایریاز بنے ہوئے ہیں، ہم صوبے میں امن و امان کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp