خیبرپختونخوا حکومت نے مارخور پرمٹ کی فروخت سے 25 کروڑ روپے کماکر نئی تاریخ قائم کردی، حکومت نے 4 مارخور پرمٹ کی فروخت سے 25 کروڑ روپے حاصل کیے۔ حاصل کردہ رقم علاقے کی معیشت کے لیے بہتر ثابت ہوگی۔
محکمہ جنگلی حیات خیبرپختونخوا کے مطابق پرمٹ کے لیے خطیر رقم حاصل کرنا ایک اعزاز کی بات ہے۔ مارخور ٹرافی ہنٹنگ کی سب سے بڑی بولی توشی 1 اور توشی 2 کے لیے لگائی گئی، جہاں سے 2مارخوروں کے شکار سے 15کروڑ روپے سے زائد آمدن متوقع ہے، جوکہ اس شعبے کی بڑی کامیابی کا ایک واضح ثبوت ہے۔
مزید پڑھیں: مارخور کا محافظ گاؤں ’ہوشے‘، جہاں شکاری آنے سے پہلے 100 بار سوچتے ہیں
کوہستان کے علاقے کیگا میں ایک مارخور کے شکار سے 5 کروڑ 37 لاکھ روپے ملیں گے جبکہ گہریت، چترال سے ایک مارخور کے شکار سے 5 کروڑ 28 لاکھ روپے کی آمدن ہوگی۔
محکمہ وائلڈ لائف حکام کے مطابق ٹرافی ہنٹنگ پروگرام کی آمدنی کا 80فیصد حصہ متعلقہ علاقوں کے رہائشیوں میں تقسیم کیا جاتا ہے جبکہ کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور جنگلی حیات کے تحفظ کی سرگرمیوں کے لیے بھی رقم دی جاتی ہے۔
واضح رہے مارخور پرمٹ سے حاصل کردہ رقم نہ صرف مالی فوائد کی عکاسی کرتی ہے بلکہ مقامی کمیونٹیز کے لیے بھی ایک موقع فراہم کرتی ہے۔ یہ رقم کمیونٹی ڈویلپمنٹ اور جنگلی حیات کے تحفظ کی سرگرمیوں کے لیے بھی استعمال کی جاتی ہے، جس سے علاقے میں پائیدار ترقی کو فروغ ملتا ہے۔