آئینی کمیٹی پر مشاورت کے لیے قومی اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس آج چیئرمین خصوصی کمیٹی خورشید شاہ کی زیرصدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوا جس میں حکومت اور اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے شرکت کی۔
پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے لچک دکھانا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی بالادستی اور جمہیورت کے لیے اہم قانون سازی ہے اور اس میں کسی ایک شخص کو فائدہ دینے والی کوئی سوچ نہیں۔
مزید پڑھیں: آئینی ترامیم کے لیے حکومت کے اپنے لوگ ووٹ نہیں دیں گے، بیرسٹر گوہر کا دعویٰ
چیئرمین پیپلز پارٹی کا کہنا تھا کہ ہم سب اداروں کی مضبوطی چاہتے ہیں اور فرد واحد کے پاس سب اختیارات مسائل پیدا کرتے ہیں لہٰذا سب جماعتوں سے درخواست کرتا ہوں کہ اتفاق رائے کی طرف آئیں۔
بلاول بھٹو نے بتایا کہ ان کی نواز شریف سے مثبت اور تعمیری بات چیت ہوئی اور نواز شریف بھی پارلیمنٹ اور جمہورت کی مضبوطی چاہتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ اجلاس میں پیپلز پارٹی نے اپنا ڈراٖفٹ پیش کیا ہے اور اجلاس میں تمام ارکان نے اپنی رائے کا اظہار کیا۔
بلاول بھٹو نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے وکلا تنظیموں کے ساتھ بات چیت پر کمیٹی کو آگاہ کیا۔
واضح رہے کہ کمیٹی کا اجلاس کل دوپہر 12 بجے تک ملتوی ہوگی ہے۔
اس سے قبل گزشتہ روز پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نوازشریف اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو زرداری نے سنہ 2006 میں دونوں پارٹیوں کے درمیان کیے گئے میثاق جمہوریت کو راست اور تاریخی فیصلہ قرار دیتے ہوئے اسے مزید آگے بڑھانے پر اتفاق کیا۔
مزید پڑھیں: میثاق جمہوریت راست فیصلہ تھا اسے آگے بڑھائیں گے، نواز شریف اور بلاول بھٹو کا عزم
محمد نوازشریف اور بلاول بھٹو زرداری کے درمیان بدھ کو پنجاب ہاﺅس اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں مہنگائی کی شرح 32 سے 6.9 فیصد ہونے، پالیسی ریٹ میں کمی اور معاشی بہتری پر اطمینان کا اظہار کیا اور ساتھ ہی سعودی سرمایہ کار وفد کی آمد اور شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے انعقاد کا بھی خیرمقدم کیا گیا۔
دونوں قائدین نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی کی رفتار بڑھنا خوش آئند اور نیک فال ہے اور اسی سی او اجلاس سمیت دیگر سرگرمیاں پاکستان کے عالمی وقار اور معاشی بہتری کے لیے نہایت مثبت پیشرفت ہے۔
بلاول بھٹو کا اس موقعے پرکہنا تھا کہ محترمہ بے نظیر بھٹو شہید اور آپ (نواز شریف) نے میثاق جمہوریت کی شکل میں ملک کو آگے بڑھانے کا تاریخی قدم اٹھایا اور اس سفر کو آگے بڑھانے کی ضرورت ہے۔
اس پر نواز شریف نے کہا کہ سیاسی رواداری، اخلاق، آئین و قانون اور پارلیمان کی بالا دستی کے لیے ہم (ن لیگ، پی پی و دیگر ہم خیال سیاسی جماعتیں) ایک ہیں۔