بھارتی حکومت کی جانب سے ویزا جاری نہ کیے جانے پر پاکستان ویمنز نیٹ بال ٹیم 13 ویں ایشین نیٹ بال چیمپیئن شپ میں شرکت سے محروم رہ گئی۔
یہ بھی پڑھیں: ساف ویمنز چیمپیئن شپ 2024: قومی فٹبال اسکواڈ کا اعلان
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے بھارت کے اس رویے پر ایشین اور ورلڈ باڈی سے شدید احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستان ٹیم کے بغیر ایشین نیٹ بال چیمپئن شپ کے ڈراز کا اعلان کرکے اسے مقابلے سے باہر کردیا گیا۔
مذکورہ صورتحال کے سبب ایک جانب تو پاکستان ٹیم کی تیاریاں دھری کی دھری رہ گئیں جبکہ دوسری جانب نیٹ بال فیڈریشن کو لاکھوں روپے کا نقصان بھی اٹھانا پڑا۔ چیمپیئن شپ کا آغاز بنگلور میں 18 اکتوبر سے ہوگا۔
مزید پڑھیے: ویمنز ٹی20 ورلڈ کپ کے 9ویں ایڈیشن کے 9 اہم حقائق کیا ہیں؟
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں نے میڈیا کو بتایا کہ پاکستان کو پی ایس بی نے این او سی بھی جاری کردیا تھا جبکہ بھارتی ویزے کے لیے 3 ہفتے قبل اپلائی بھی کردیا گیا تھا۔
صدر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے کہا کہ ویزے کے لیے بھارتی حکام کو کئی بار یاد دہانی بھی کرائی گئی لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ فیڈریشن نے ایشین چیمپیئن شپ کے لیے غیر ملکی ویمن کوچ کی خدمات بھی حاصل کی تھیں۔