کراچی میں غیر ملکی کریڈٹ کارڈز کا ڈیٹا چوری کرنے والا نیٹ ورک پکڑ‎ا گیا

ہفتہ 12 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

کراچی میں ایک بڑا بین الاقوامی کریڈٹ کارڈ فراڈ نیٹ ورک بے نقاب ہوا ہے جس میں کئی افراد ملوث پائے گئے ہیں۔ ملزمان میں عبدالرحمن باجوہ، آرنلڈ الیسٹر، وقار حسین، موسی ایڈون، قاسم رضا، غنی خان، حنیف لاسی، انس نیازی، ارسلان، نعمان، احمد اور دیگر شامل ہیں۔

تفتیشی حکام کے مطابق یہ افراد جعلی کالز اور نقالی کے ذریعے غیر ملکی شہریوں کے کریڈٹ کارڈز کے خفیہ مالیاتی ڈیٹا کی چوری میں ملوث ہیں، تفتیش کے دوران پتا چلا کہ ملزمان جعلی شناخت استعمال کرکے چوری شدہ ڈیٹا کو اپنے فائدے کے لیے استعمال کرتے تھے اور ان کا ہدف امریکا اور کینیڈا کے شہری تھے۔

چھاپے کے دوران بنگلو نمبر 56/2، لین 14، خیابان سحر، فیز V، ڈی ایچ اے کراچی میں غیرقانونی کال سینٹر پایا گیا، جہاں ملزمان مختلف غیر ملکی شہریوں کو ’وائس اوور انٹرنیٹ پروٹوکول (VOIP) ‘سافٹ ویئر کے ذریعے جعلی کالز کر رہے تھے۔

مزید پڑھیں:کریڈٹ کارڈز سے ادائیگی: اب ہر ڈالر پر پاکستانی صارفین کے 30 روپے بچیں گے

تفتیشی حکام کے مطابق ملزمان خود کو ماسٹر اور ویزا بینکنگ سسٹم کے سیکیورٹی ڈیپارٹمنٹ کا اہلکار ظاہر کرتے ہوئے شہریوں کو دھوکہ دیتے تھے کہ ان کے اکاؤنٹس میں فراڈ ہوا ہے اور وہ ان کے اکاؤنٹس کو محفوظ بنانے کا جھوٹا دعویٰ کرتے تھے۔

چھاپے کے دوران استعمال ہونے والے ڈیجیٹل آلات ضبط کر لیے گئے اور گواہوں کی موجودگی میں ضبطی میمو تیار کیا گیا، جس میں غیر ملکی صارفین کے نام، رابطہ نمبر اور دیگر معلومات شامل تھیں۔ یہ ایجنٹس جعلی کالز کے ذریعے غیر ملکی شہریوں سے ان کے ڈیبٹ اور کریڈٹ کارڈز کی معلومات حاصل کرتے تھے اور ان معلومات کو غیر قانونی طور پر چارجز کے لیے استعمال کرتے تھے۔

ملزمان نے مختلف مقامی تاجروں کے بائننس اکاؤنٹس، 2D اور 3D لنکس اور وائر ٹرانسفر کے ذریعے امریکا اور کینیڈا سے چوری شدہ رقم منتقل کی۔ تاجروں نے غیر قانونی طور پر حاصل کی گئی رقم کو ملزمان تک پہنچایا، تفتیش جاری ہے اور مزید تفصیلات سامنے آنے کا امکان ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp