قومی کرکٹراور سابق اوپنر بلے بازاحمد شہزاد نے انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں بدترین شکست کے بعد پاکستان کرکٹ ٹیم کو بالی ووڈ کی مشہور ہٹ فلم ’لگان‘ دیکھنے کا مشورہ دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہزیمت کے پیش نظر قومی ٹیم میں تبدیلیاں متوقع
اپنے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے سابق پاکستانی بلے باز احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستانی کھلاڑیوں کو اپنے اندر محب الوطنی کا جذبہ جگانے کے لیے ’لگان‘ فلم دیکھنی چاہیے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو اپنی جیب سے پیسے خرچ کرنے پڑتے ہیں اور آپ لوگوں کو ملک کی عزت کا کوئی خیال نہیں ہے۔
احمد شہزاد نے لگان فلم میں اسپین بولر کچرا (فلمی کردار ) سے سبق حاصل کرنے کا مشورہ دیا، جس نے معذوری کی حالت میں بھی انگلینڈ کے کھلاڑیوں کو اس لیے آؤٹ کیا کہ وہ اپنی قوم کا وقار بڑھانا چاہتا تھا اور لگان کا خاتمہ چاہتا تھا لیکن ہمارے اسپنرز کو تو چائے پانی سے ہی فرصت نہیں ہے۔
مزید پڑھیں:ملتان ٹیسٹ میں پاکستان کو بدترین شکست: ’اب بس معجزے کی امید ہے‘
احمد شہزاد نے مزید کہا کہ پاکستانی ہوم گراؤنڈ پر باہر سے آنے والی کوئی بھی ٹیم شکست دے کر چلی جاتی ہے، ہم نے پہلی بار بنگلہ دیش کے ہاتھوں تاریخی شکست کا سامنا کیا، اس کے بعد اب انگلینڈ کے خلاف خراب کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
احمد شہزاد نے کہا کہ ٹیم میں تبدیلیاں ناگزیر ہو گئی ہیں کیونکہ سوشل میڈیا کے ہوتے ہوئے اب قوم کو بے وقوف نہیں بنایا جا سکتا۔ سلیکٹرز اور چیئرمین کو نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا ہوگا۔
مزید پڑھیے: انگلینڈ کے خلاف صرف شکست نہیں، ذلت اور رسوائی بھی ہوئی ہے
انہوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم اپنی بدترین فارم میں ہے اور اسے اپنے ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش جیسی چھوٹی ٹیموں کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اب انگلینڈ نے ملتان میں کھیلے گئے پہلے ٹیسٹ میچ میں انہیں اننگز اور 47 رنز سے شکست دے دی ہے جو انتہائی شرمناک ہے۔
مزید پڑھیں: شان مسعود بطور کپتان ابتدائی 6 میچ ہارنے والے واحد کپتان، ملتان ٹیسٹ میں مزید کیا ریکارڈ بنے؟
احمد شہزاد نے کہا کہ سلیکٹرز کو اب نوجوان کھلاڑیوں کو کھلانا ہو گا، اب سلیکٹرز کو کامران غلام، محمد علی، صاحبزادہ فرحان، طیب طاہر اور حسیب اللہ کو کھلانا ہو گا، نام نہاد سپر سٹارز کو بہت مواقع مل چکے ہیں، ان پر اتنی سرمایہ کاری ہوئی ہے لیکن جب بھی ان پر کھیل کے دوران دباؤ بڑھتا ہے یہ کھیلنا ہی چھوڑ دیتے ہیں۔