دوسرے ٹیسٹ میں 2 نئے اسپنرز کھلانے، اور بابر اعظم کو آرام دینے کا امکان

اتوار 13 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ملتان میں کھیلے گئے انگلینڈ کے خلاف سیریز کے پہلے ٹیسٹ میچ میں بدترین شکست کے بعد دوسرے میچ میں بابر اعظم کو آرام دینے اور 2 نئے اسپنرز کو کھلائے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔ تاہم، پلیئنگ الیون کا اعلان ابھی نہیں کیا گیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے اسکواڈ کے لیے مشاورت کا عمل مکمل ہوچکا ہے اور 2اسپنرز کے ساتھ میدان میں اترنے پرغور کیا گیا ہے، جوکہ نعمان علی اور ساجد خان ہوسکتے ہیں۔

مزید پڑھیں: مکی آرتھر نے پاکستانی کرکٹ ٹیم اور کھلاڑیوں کی ناکامی کی اصل وجہ بتا دی؟

دوسری جانب قومی سلیکشن کمیٹی بابر اعظم کہ کارکردگی سے ناخوش دکھائی دے رہی ہے، دوسرے ٹیسٹ میں آرام دینے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، شاہین شاہ آفریدی کو بھی ڈراپ کیا جاسکتا ہے۔ لیکن حتمی فیصلہ چیئرمین پی سی بی کریں گے۔

ذرائع کے مطابق نوجوان اسپنر ابرار احمد دوسرا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے جبکہ ایک فاسٹ بولر یا ایک بیٹر میں سے ایک کو آرام دیا جا سکتا ہے۔ دوسرے ٹیسٹ کے لیے ٹیم آج فائنل ہوگی تاہم اسکواڈ کا اعلان چیئرمین کی منظوری سے کیا جائے گا۔

رپورٹس کے مطابق سلیکٹرز کپتان اور ہیڈ کوچ سے بات چیت کے بعد لاہور روانہ ہوگئے ہیں، چیئرمین پی سی بی ہی حتمی منظوری دیں گے جس کے بعد اسکواڈ کا اعلان کردیا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں ہزیمت کے پیش نظر قومی ٹیم میں تبدیلیاں متوقع

خیال رہے نوجوان اسپنر ابرار احمد بخار اور جسم میں تکلیف کے اسپتال میں زیر علاج ہیں اور انہیں ڈاکٹرز نے آرام کا مشورہ دیا ہے، اس لیے وہ دوسرا ٹیسٹ میچ کھیلنے سے قاصر ہیں۔

قبل ازیں گزشتہ روز 4 قومی کرکٹر کے فٹنس ٹیسٹ لینے کا فیصلہ کیا گیا تھا جس میں کامران غلام، زاہد محمود، امام الحق اور نعمان علی کو طلب کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp