کراچی میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر حراست میں لیے گئے تمام افراد رہا

اتوار 13 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 ڈپٹی انسپکٹر جنرل (ڈی آئی جی ) ساؤتھ کراچی عبدالخالق نے بتایا ہے کہ سول سوسائٹی کی جانب سے ’رواداری مارچ‘ کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کے لیے گرفتار کیے گئے تمام مرد و خواتین کو رہا کر دیا گیا ہے، ان افراد کی رہائی وزیر اعلیٰ سندھ کے حکم پر عمل میں لائی گئی ہے۔

واضح رہے کہ حکومت سندھ نے کراچی میں دفعہ 144 نافذ کر رکھا تھا جس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سول سوسائٹی سے تعلق رکھنے والے مرد و خواتین نے اتوار کو احتجاجی مظاہرہ کیا، مظاہرے کے دوران خواتین سمیت 27 افراد کو حراست میں لے لیا گیا تھا۔

ڈی آئی جی ساؤتھ کے مطابق پولیس حکام نے مظاہرین سے کہا کہ انھیں احتجاج کے لیے متبادل جگہ دی جائے گی تاہم انہوں نے پولیس کے ساتھ لڑائی شروع کر دی اور ان میں چند افراد ایسے بھی تھے جنہوں نے وزیراعلیٰ ہاؤس کے اندر داخل ہونے کی بھی کوشش کی جس کے بعد پولیس نے انہیں گرفتار کر لیا مگر ان پر تشدد نہیں کیا گیا۔

ڈی آئی جی عبدالخالق کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر حراست میں لیے گئے تمام افراد کو رہا کر دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ اتوار کو کراچی میں پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی پر 27 افراد کو گرفتار کر لیا تھا جب کہ سیکیورٹی مزید سخت کرتے ہوئے کراچی پریس کلب کو جانے والے تمام راستوں کو بھی بند کر دیا تھا۔ پولیس کے مطابق کلفٹن 3 تلوار سے 4، پریس کلب سے 2 خواتین سمیت 3 افراد کو گرفتار کیا گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ کراچی میں دفعہ 144 نافذ کیا گیا تھا اور اس کے باوجود ہوم بیسڈ ویمن ورکرز فیڈریشن پاکستان کی خواتین نے احتجاج کیا جس پر تنظیم کی جنرل سیکریٹری زہرا خان اور ان کی ساتھی کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔

 سینیئر سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی کا کہنا ہے کہ ضلع جنوبی کے مختلف مقامات سے 7 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے کیوں کہ اطلاع ملی تھی کہ کلفٹن 3 تلوار پر مختلف جماعتوں  کی جانب سے احتجاج کی کال دی گئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق  زہرا خان اور ان کے ساتھ گرفتار دیگر خواتین کو آرٹلری میدان تھانے میں پہنچا دیا گیا تھا جہاں سے انہیں رات گئے واپس رہا کر کے گھروں کو بھیج دیا گیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp