پینٹاگون نے تصدیق کی ہے کہ وہ اسرائیل میں تھاڈ میزائل دفاعی نظام اور امریکی فوجی بھیج رہا ہے ، امریکی فوجی اسرائیل کے دفاع میں زمینی لڑائی میں بھی اسرائیل کا ساتھ دیں گے۔
پینٹاگون کے پریس سیکریٹری پیٹ رائیڈر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ امریکی صدر جو بائیڈن کی ہدایت پر وزیر دفاع لائیڈ آسٹن نے 13 اپریل اور یکم اکتوبر کو اسرائیل کے خلاف ایران کے غیر معمولی حملوں کے بعد اسرائیل کے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے میں مدد کے لیے ٹرمینل ہائی الٹی ٹیوڈ ایریا ڈیفنس (تھاڈ) بیٹری اور امریکی فوجی دستوں کی اسرائیل میں تعیناتی کی اجازت دے دی ہے۔
حزب اللہ کے ڈرون حملے میں 4 اسرائیلی فوجی ہلاک 40 زخمی
ادھر اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ شمالی اسرائیل میں بنیامینا کے علاقے میں دھماکے سنائی دیے گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ مقام پر ایمبولینسز روانہ کردی گئیں۔ لبنان سے آنے والے ڈرون نے اسرائیلی فوج کی ٹریننگ بیس کو نشانہ بنایا ہے۔
اسرائیلی میڈیا اور سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیوز میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملے کے مقام پر بڑی تعداد میں ایمبولنسز موجود ہیں جبکہ زخمیوں کو منتقل کرنے کے لیے ہیلی کاپٹروں کی بھی متواتر پروازیں جاری ہیں۔
اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کے بعد اطراف کے اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جبکہ زخمیوں میں سے کچھ کی حالت تشویش ناک ہے۔
اسرائیلی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ سے لڑائی میں 25 اسرائیلی فوجی شدید زخمی ہوئے ہیں جن میں سے 2 کی حالت تشویش ناک ہے۔ شدید زخمی ہونے والوں میں اسرائیلی فوج کا ایک افسر بھی شامل ہے۔
ادھر لبنان میں اسرائیلی فوج کے حملوں میں 15 شہری شہید ہو گئے ہیں، اسرائیلی حملے میں اقوام متحدہ امن فورس کے 5 اہلکار بھی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔