بھارتی وزیر دفاع نے دسہرے کے تہوار پر ہتھیاروں کی پوجا کیوں کی؟

پیر 14 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

دسہرے کے تہوار کے موقع پر بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے مغربی بنگال کے سکنا ملٹری اسٹیشن میں شاستر پوجا یعنی ہتھیاروں کی پوجا کے بعد کہا ہے کہ ہندوستان نے نفرت یا حقارت کی بنیاد پر کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا لیکن اگر مفادات کو لاحق خطرات کی صورت میں کوئی بڑا قدم اٹھانے سے نہیں ہچکچائے گا۔

یہ بھی پڑھیں: بھارت رواں برس چین سے کس میدان میں سبقت لے جائے گا؟

سکنا میں تعینات 33 کور، جسے ‘تریشکتی’ کور کے نام سے جانا جاتا ہے، سکم سیکٹر میں چین کے ساتھ لائن آف ایکچوئل کنٹرول کی حفاظت کی ذمہ دار ہے، اپنی ہتھیاروں کی پوجا کی جانب اشارہ کرتے ہوئے وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ یہ رسم ایک واضح اشارہ ہے کہ ضرورت پڑنے پر انہی ہتھیاروں کو پوری طاقت کے ساتھ استعمال کیا جائے گا۔

بھارتی وزیر دفاع کے مطابق ان کے ملک نے نفرت یا حقارت کی وجہ سے کبھی کسی ملک پر حملہ نہیں کیا بلکہ اس کی فوج صرف اس وقت لڑتی ہے، جب کوئی ملکی سالمیت اور خودمختاری کی توہین یا اسے نقصان پہنچانے کی کوشش کرتا ہے، یا پھر جب مذہب، سچائی اور انسانی اقدار کے خلاف جنگ چھیڑی جاتی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس ڈاٹ کام پر اپنی ’شاستر پوجا‘ کی تصاویر پوسٹ کرتے ہوئے ہندی میں لکھا کہ آج انہوں نے ہندوستان میں وجے دشمی کے موقع پر ہتھیاروں کی پوجا کی ایک دیرینہ روایت کی تکمیل کرتے ہوئے سکنا، دارجیلنگ میں 33 کور کے ہیڈکوارٹر میں ‘شاستر پوجا’ کی۔

مزید پڑھیں: چین نے بھارتی ریاست اروناچل پردیش اور متنازعہ اکسائی چین کو نئے نقشہ میں شامل کرلیا، بھارت کا شدید احتجاج

اس تقریب میں آرمی چیف جنرل اوپیندر دِویویدی، دفاع کے نامزد سیکریٹری آر کے سنگھ، ایسٹرن کمانڈ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ ان چیف لیفٹیننٹ جنرل رام چندر تیواری، ڈی جی، بارڈر روڈ، لیفٹیننٹ جنرل راگھو سری نواسن، تریشکتی کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل زوبین اے من والا اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔

وزارت دفاع کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ تقویت، کامیابی اور حفاظت کے لیے آشیرواد حاصل کرنے کے لیے ادا کی جانے والی رسومات، دسہرہ کی ثقافتی اور روحانی گہرائی کی توثیق کرتی ہیں، جو ملک کی حفاظت میں ہتھیاروں کے نظام کے اہم کردار کی نشاندہی کرتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp