پاکستان قومی کرکٹ ٹیم کے اسٹار فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی کا انگلینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں ٹیم سے ڈراپ ہونے کے بعد پہلا بیان سامنے آگیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ایکس‘ پر جاری اپنے بیان میں شاہین شاہ آفریدی نے پاکستان ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا، ’ٹیم پاکستان کے لیے نیک تمنائیں جو ایک مضبوط واپسی کے لیے محنت کررہی ہے، ہم سب ان کا حوصلہ بڑھا رہے ہیں۔‘
Wishing Team Pakistan the best of luck! Rooting for a strong comeback. We're all cheering for you! 🇵🇰 🙌👏#PakistanZindabad
— Shaheen Shah Afridi (@iShaheenAfridi) October 14, 2024
واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے گزشتہ روز 16 رکنی اسکواڈ کا اعلان کیا گیا تھا۔ پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی، سرفراز احمد اور نسیم شاہ کو آؤٹ کرکے 6 نئے کھلاڑیوں کو شامل کیا گیا ہے۔
نئے 16 رکنی اسکواڈ میں کپتان شان مسعود، سعود شکیل، عبداللہ شفیق، عامرجمال، محمد ہریرہ، محمدرضوان، نعمان علی اور صائم ایوب شامل ہیں۔ اس کے علاوہ حسیب اللہ، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی اور ساجد خان بھی قومی کرکٹ اسکواڈ میں شامل ہیں۔ سلمان علی آغا، نعمان علی اور زاہد محمود بھی اسکواڈ کاحصہ ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: دوسرے ٹیسٹ کے لیے قومی اسکواڈ کا اعلان، بابر، شاہین اور نسیم آؤٹ
چاروں بڑے کھلاڑیوں کو ڈراپ کرنے کے بعد حسیب اللہ، مہران ممتاز، کامران غلام، فاسٹ بولر محمد علی، اور آف اسپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔ نعمان علی اور زاہد محمود جو کہ ابتدائی طور پر اصل اسکواڈ کا حصہ تھے لیکن بعد میں انہیں ریلیز کردیا گیا تھا انہیں بھی 16 کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان سیریز کا دوسرا ٹیسٹ بھی ملتان میں ہی 15 اکتوبر سے کھیلا جائے گا، جبکہ تیسرا ٹسیٹ راولپنڈی میں ہوگا۔ انگلینڈ کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔