’اب تو بابر اعظم پکے پکے ٹیسٹ ٹیم سے آؤٹ ہو جائیں گے‘ کامران غلام کی سینچری پر صارفین کے تبصرے

منگل 15 اکتوبر 2024
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

قومی کرکٹر کامران غلام نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میچ میں شاندار سینچری بنا ڈالی۔ کامران غلام نے 192گیندوں پرسینچری مکمل کی،ان کی سینچری میں 1 چھکا اور 9چوکے شامل تھے ،کامران غلام ٹیسٹ ڈیبیوپر سینچری کرنےوالے 13ویں پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

سینچری اسکور کرنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے ان کو مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کامران غلام کو مبارکباد دی جبکہ سابق انگلش کپتان مائیکل وان نے سماجی رابطوں کی سائیٹ ایکس پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کامران غلام نے شاندار اننگز کھیلی ہیں۔

ایک صارف نے لکھا کہ بابر اعظم کی جگہ لینے والے کامران غلام نے ٹیسٹ ڈیبیو پر سینچری بنا لی ہے۔

سلیم خالق لکھتے ہیں کہ طویل انتظار کے بعد پہلی بارقومی ٹیم کی نمائندگی کاموقع ملے اوروہ بھی بابراعظم جیسے کھلاڑی کی جگہ تودباؤ دگنا ہونا کوئی غیرمعمولی بات نہیں ہوتی مگر اس کے باوجود کامران غلام نے اپنے حواس قابو میں رکھتے ہوئے ڈیبیو پر شاندار سینچری بنا دی جس پر وہ داد کے حقدار ہیں۔

نصیر اعوان نے لکھا کہ کچھ لوگ کہہ رہے تھے کے بابر اعظم کو صرف اس ٹیسٹ سیریز کے بقیہ میچز میں ریسٹ دیا ہے لیکن اب تو بابر اعظم پکے پکے ٹیسٹ ٹیم سے آؤٹ ہو جائیں گے کیونکہ ان کی جگہ کامران غلام نے آتے ہی سینچری اسکور کردی اور ٹیسٹ ڈیبیو سینچری میکر ہوگیا ہے۔

سید حارث لکھتے ہیں کہ بابر اعظم ایک اچھا کھلاڑی ہے لیکن جب سے کپتان بنا اس کے بعد انہوں نے خود پر محنت کرنا چھوڑ دی جس کا نقصان اب انہیں اٹھانا پڑ رہا ہے۔ کامران غلام کا ٹیسٹ ٹیم میں آنا اور پرفارم کرنے سے بابر کے لیے ٹیسٹ ٹیم میں واپسی کا مقابلہ سخت ہو گیا ہے۔

واضح رہے بابر اعظم کو ٹیسٹ سکواڈ سے ڈراپ کیے جانے کے بعد کامران غلام کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔ انگلینڈ کرکٹ ٹیم کو تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 1-0 کی برتری حاصل ہے، تیسرا ٹیسٹ 24 اکتوبر سے راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp