پختونخوا بار کونسل نے بھی چیف جسٹس سے استعفیٰ کا مطالبہ کر دیا

ہفتہ 8 اپریل 2023
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

خیبرپختونخوا بار کونسل نے سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس عمر عطا بندیال سے استعفے کا مطالبہ کیا ہے ۔

وائس چیئرمین خیبرپختونخوا بار کونسل زر بادشاہ خان نے کہا ہے کہ چیف جسٹس کے آمرانہ انداز پر ہمیں تحفظات ہیں اس لیے وہ استعفیٰ دیں۔

خیبر پختونخوا بار کونسل نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال کے خلاف ریفرنس دائر کیا جائے کیوں کہ عدالت عظمیٰ کے سینیئر جج جسٹس اطہر من اللہ کے نوٹس سے واضح ہو گیا ہے کہ انتخابات از خود نوٹس کیس کا فیصلہ چار تین سے مسترد ہو گیا ہے جبکہ چیف جسٹس نے اس معاملے پر غلط بیانی سے کام لیا۔

 کے پی بار کونسل کے مطابق چیف جسٹس سپریم کورٹ نے اپنے حلف کی خلاف ورزی کی ہے جس کی مثال یہ ہے کہ جسٹس مظاہر علی نقوی کے خلاف ریفرنس کے  باوجود انہیں اپنی مرضی کے بینچ میں بٹھایا ۔

مزید یہ بھی کہا گیا ہے کہ چیف جسٹس نے بینچز کی تشکیل میں سینیئر ججوں کو نظر انداز کیا جو ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے اور اس طرح وہ بطور چیف جسٹس اپنی ذمہ داری پوری کرنے میں ناکام رہے ہیں اور اب عہدے پر رہنے کا کوئی جواز باقی نہیں رہا ۔

وائس چیئرمین بار کونسل نے اس امر پر بھی تشویش کا اظہار کیا کہ چیف جسٹس پشاور ہائی کورٹ کی مستقلی کے لیے جوڈیشل کونسل کا اجلاس نہیں بلایا جا رہا جو خیبر پختونخوا کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ 12 اپریل کو وکلاء کا نمائندہ اجلاس بلایا گیا ہے جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل وفاقی حکومت کی جانب سے بھی چیف جسٹس سپریم کورٹ سے استعفے کا مطالبہ کیا جا چکا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp