پاکستان تحریکِ انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر اعظم سواتی کو پولیس تحویل میں کوئٹہ منتقل کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ پولیس اسلام آباد سے گرفتار کیے گئے سینیٹر اعظم سواتی کو لے کر کوئٹہ پہنچ گئی۔
پولیس ذرائع نے بتایا ہے کہ سینیٹر اعظم سواتی کو جہاز کے ذریعے کوئٹہ منتقل کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ اعظم سواتی کے خلاف کچلاک، پسنی، ژوب اور حب سمیت مختلف علاقوں کے تھانوں میں مقدمات درج ہیں جن کی بنیاد پر انہیں آج صبح بلوچستان پولیس نے بھی گرفتار کر لیا۔
اعظم سواتی کو گزشتہ روز جیل منتقل کیا گیا
گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد نے سینیٹر اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھجوانے کا حکم دیا تھا۔
ایف آئی اے نے 4 روزہ ریمانڈ ختم ہونے سے قبل ہی گزشتہ روز عدالت میں اعظم سواتی کا جوڈیشل ریمانڈ دینے کی درخواست دائر کی تھی۔
اعظم سواتی کا 4 روزہ جسمانی ریمانڈ ہفتہ 3 دسمبر کو مکمل ہونا تھا۔
ایف آئی اے نے درخواست کی تھی کہ ہم نے تفتیش مکمل کر لی ہے، اعظم سواتی سے مزید تفتیش کی ضرورت نہیں ہے۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شبیر بھٹی نے ایف آئی اے کی درخواست منظور کرتے ہوئے اعظم سواتی کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجنے کا حکم دیا تھا۔