مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے کہا ہے کہ ایس سی او اجلاس کی آڑ میں آئین پاکستان کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ فارم -47 والی جعلی حکومت آئین پاکستان پر خفیہ وار کرنے جا رہی ہے۔
وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر اطلاعات بیرسٹر ڈاکٹر سیف نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ نواز شریف کی بچی کچی سیاست کو شہباز شریف اور مریم نواز ہی دفن کریں گی۔ وفاقی و پنجاب کی جعلی حکومت آئے دن آئین ، قانون اور انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہے ہیں۔ پی ٹی آئی کے ایم این اے زین قریشی کی اہلیہ کو ڈرانے دھمکانے کے واسطے گزشتہ روز اغواء کیا گیا۔
ان کا کہنا ہے کہ گھر کی عورتوں کو اٹھانا فسطائیت کی آخری حد ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ ظلم اور ریاستی جبر کے بل بوتے پر اقتدار قائم رکھنا شریف خاندان کا وتیرہ ہے۔
مشیر اطلاعات خیبر پختونخوا نے کہا کہ فارم -47 والی جعلی حکومت آئین پاکستان پر خفیہ وار کرنے جا رہی ہے۔ آئین پاکستان میں ناجائز ترامیم عوامی نمائندوں سے چھپا کر کی جا رہی ہے۔ کوشش کی جا رہی ہے کہ آئین میں ناجائز ترمیم کے ذریعے پاکستان میں جمہوریت کا خاتمہ کیا جا سکے۔
ان کا کہنا ہے کہ ایس سی او اجلاس کی آڑ میں آئین پاکستان کے ساتھ کھلواڑ نہیں کرنے دیں گے۔ پی ٹی آئی کی قیادت اور ورکرز آئینی ترمیم کے خلاف تمام قانونی اور سیاسی مزاحمت کرے گی۔
بیرسٹر ڈاکٹر سیف کا کہنا ہے کہ جعلی حکومت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کو جھوٹے مقدمات میں قید کر کے ان سے ملاقاتوں پر پابندی عائد کی ہے۔ ملاقاتوں پر پابندی انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ عمران خان پر وکلاء، اہل خانہ اور دیگر تمام افراد کی ملاقاتوں پر پابندی سے غیر یقینی صورتحال جنم لے رہی ہے۔ صیہونی سازش کے تحت قائم ہونے والی شریف خاندان کی ناجائز حکومت کو ظلم و جبر کا جواب دینا ہوگا۔جھوٹ کے بل بوتے پر اقتدار کے مزے لوٹنے والا ٹولہ عوامی نمائندگی کا اہل نہیں۔