ممبئی ٹریفک پولیس کے واٹس ایپ نمبر پر بھیجے گئے ایک پیغام کے ذریعے بھارتی اداکار سلمان خان کو جمعرات کے روز ایک نئی دھمکی موصول ہوئی ہے، جس میں بالی ووڈ اداکار سے زندہ رہنے اور گینگسٹر لارنس بشنوئی سے دشمنی ختم کی صورت میں 5 کروڑ روپے کا مطالبہ کیا ہے۔
ممبئی پولیس کی کرائم برانچ کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ دھمکی آمیز پیغام ایک دھوکہ تھا، تاہم حکام کا کہنا ہے کہ وہ بھیجنے والے کا سراغ لگانے کے لیے سرگرمی سے کام کر رہے ہیں، پولیس کے مطابق پیغام میں مزید کہا گیا کہ ’اگر رقم نہ دی گئی تو سلمان خان کی حالت بابا صدیق سے بھی بدتر ہو جائے گی‘۔
یہ بھی پڑھیں: قتل ہونے سے قبل معروف بھارتی سیاستدان بابا صدیق کی آخری سوشل میڈیا پوسٹ کیا تھی؟
مہاراشٹر کے سابق ایم ایل اے بابا صدیق کو گزشتہ ہفتے ممبئی کے علاقہ باندرہ میں ان کے بیٹے ذیشان کے دفتر کے باہر 3 حملہ آوروں نے گولیاں مار کر ہلاک کر دیا تھا، کرائم برانچ پولیس نے اس قتل میں مبینہ طور پر ملوث 2 شوٹر سمیت 4 افراد کو گرفتار کیا ہے۔
قتل کے اس واقعہ کے ذمہ داری جیل میں قید گینگسٹر لارنس بشنوئی کے گروپ نے قبول کی تھی، قتل کے اس واقعے کے بعد ممبئی ٹریفک پولیس کو سلمان خان کے لیے بھیجی گئی دھمکی موصول ہوئی ہے، ٹریفک کے ایک سینئر اہلکار نے تصدیق کی ہےکہ ورلی پولیس اسٹیشن میں اس کی شکایت درج کرائی گئی ہے۔
مزید پڑھیں: سلمان خان کو ضرور قتل کریں گے، گینگسٹر گولڈی برار
یہ پہلی بار نہیں ہے کہ اداکار سلمان خان کو دھمکیوں کا نشانہ بنایا گیا ہو، 2022 میں سلمان خان کو باندرہ میں ان کی رہائش گاہ کے قریب ایک بینچ پر دھمکی آمیز نوٹ ملا تھا، 2023 میں اسے دھمکی آمیز خط موصول ہوا تھا اور رواں برس اپریل میں 2 شوٹروں نے مبینہ طور پر ان کے گھر کے باہر فائرنگ کی تھی۔
نئی ممبئی پولیس نے اپریل کے اسی فائرنگ کے واقعہ میں لارنس اور انمول بشنوئی سمیت 18 لوگوں کے خلاف سلمان خان کو قتل کرنے کی سازش کرنے کے الزام میں مقدمہ بھی درج کیا تھا۔