اسپیکر قومی اسمبلی کو بھیجی گئی گورنر اسٹیٹ بینک کی سالانہ رپورٹ کے مطابق دو مشکل سالوں کے بعد مالی سال 2024 میں اہم معاشی اشاریوں میں بہتری دیکھنے میں آئی ہے، مستحکم شرح تبادلہ نے منہگائی کو کم کیا جبکہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 سال کی کم ترین سطح پر رہا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق گورنر کی سالانہ رپورٹ اسٹیٹ بینک آف پاکستان ایکٹ 1956ء کے سیکشن 39 (1) کے تحت شائع کی جاتی ہے، ایکٹ کے تحت گورنر پارلیمنٹ کو بینک کے اہداف، زری پالیسی، معاشی حالات اور مالی نظام سے متعلق آگاہی فراہم کرتے ہیں۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد کی جانب سے شائع کردہ اس سالانہ رپورٹ کے مطابق دو مشکل سالوں کے بعد مالی سال 2024 میں اہم معاشی اشاریوں میں بہتری دیکھنے میں آئی، مسلسل سخت زری پالیسی کا موقف، مالی استحکام اور اجناس کی عالمی قیمتوں میں کمی کی بدولت مہنگائی میں کمی آئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق بیرونی کھاتوں کا دباؤ کم اور زرمبادلہ ذخائر میں اضافہ ہوا، ایکسچینج کمپنیوں میں اصلاحات سے زر مبادلہ میں استحکام آیا، زراعت کی وجہ سے جی ڈی پی میں معتدل اضافہ ہوا جسے بڑے پیمانے کی اشیا سازی میں بتدریج بحالی سے بھی سہارا ملا۔
یہ بھی پڑھیں:زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، اسٹیٹ بینک نے اعداد و شمار جاری کردیے
اسٹیٹ بینک نے مالی سال 24ء کے تقریباً اختتام تک پالیسی ریٹ 22 فیصد پر برقرار رکھا تاکہ مہنگائی کے دباؤ میں جمود کے خطرات کو ختم کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق 17 سال میں پہلی بار پرائمری سرپلس دیکھا گیا جس نے سرکاری قرضوں میں نمایاں کمی میں بھی کردار ادا کیا، مہنگائی میں کمی کو مستحکم شرح مبادلہ سے بھی مدد ملی، جس کی وجہ کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 13 سال کی کم ترین سطح پر آنا اور آئی ایم ایف معاہدہ تھا۔
مزید پڑھیں:اگر اس آئی ایم ایف پروگرام کو آخری بنانا ہے تو ٹیکس بڑھانے ہوں گے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب
مہنگائی میں مسلسل کمی نے زری پالیسی کمیٹی کو جون 2024ء میں پالیسی ریٹ 150 بیسس پوائنٹس کم کرکے 20.5 فیصد پر لانے کی گنجائش فراہم کی، بلند شرح سود، مالی شمولیت اور ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے لیے اسٹیٹ بینک کی کوششوں سے بینکوں کے ڈپازٹس میں قابل ذکر اضافہ ہوا۔
رپورٹ کے مطابق اسلامی بینکاری کی ترقی پر مسلسل پیش رفت ہو رہی ہے ، مالی سال 24ء کے دوران ان کے اثاثوں اور ڈپازٹس میں نمایاں اضافہ ہوا، سود کے حوالے سے وفاقی شرعی عدالت کے فیصلے کے تحت اسلامی بینکاری کو مزید فروغ دینے کے لیے متعدد اقدامات کیے گئے ہیں۔
مزید پڑھیں:گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی تنخواہ اور دیگر مراعات کتنی؟
’سال کے دوران اسٹیٹ بینک نے مزید 12 شریعہ معیارات کو اپنایا تاکہ ملک میں اسلامی بینکاری کو شریعہ روایات سے ہم آہنگ کیا جائے، اسٹیٹ بینک برابری پر بینکاری پالیسی پر مسلسل توجہ دے کر مالی شعبے میں صنفی شمولیت کے لیے معاونت فراہم کر رہا ہے۔‘