حماس نے غزہ میں اسرائیلی فوج کے ساتھ لڑائی میں پارٹی سربراہ یحییٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنی آخری سانس تک فلسطین کا دفاع کرتے رہے۔
یہ بھی پڑھیں: اسماعیل ہنیہ کے جانشین یحییٰ سنوار بھی شہید، اسرائیل کا دعویٰ
الجزیرہ کی رپورٹ کے مطابق ٹیلی وژن پر اپنے خطاب میں غزہ میں حماس کے سربراہ خلیل الحیہ نے شہید یحییٰ سنوار کو ایک ثابت قدم، بہادر اور نڈرشخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ شہید سربراہ نے ہماری آزادی کے لیے اپنی جان قربان کردی۔
واضح رہے کہ خلیل الحیہ ایک فلسطینی سیاست دان ہیں جنہوں نے صالح العروری کے بعد اگست 2024 سے حماس کے سیاسی بیورو کے نائب چیئرمین کے طور پر خدمات انجام دیں۔ وہ جنوری 2006 سے غزہ سٹی کے نمائندے کے طور پر فلسطینی قانون ساز کونسل کے لیے بھی منتخب ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی فوج نے گزہ میں کیے گئے ایک حملے میں حماس کے نئے سربراہ یحییٰ سنوار کو شہید کردیا تھا۔ یحییٰ سنوار حماس کے سربراہ اسماعیل ہنیہ کی اسرائیل کے ہاتھوں تہران میں شہادت کے بعد ان کے جانشین مقرر ہوئے تھے۔
مزید پڑھیے: اسماعیل ہنیہ کی شہادت کے بعد حماس نے نئے پارٹی سربراہ کا اعلان کردیا
قبل ازیں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو نے بھی یحییٰ سنوار کے مارے جانے کی تصدیق کرتے ہوئے اسرائیلی فوج کی اس کارروائی کو غزہ میں جنگ بندی کے خاتمے کا آغاز قرار دیا تھا۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ یحییٰ سنوار نے بہادری سے جان دیتے ہوئے اپنا سر بلند اور ہاتھوں میں ہتھیار تھامے رکھا اور اپنی آخری سانس تک دشمن پر فائرنگ جاری رکھی۔
انہوں نے کہا کہ یحییٰ سنوار نے اپنی پوری زندگی ایک مقدس جنگجو کے طور پر گزاری اور اپنے ابتدائی دنوں سے ہی وہ ایک مزاحمتی جنگجو کے طور پر جدوجہد میں مصروف رہے۔
’فلسطینی ریاست اور یروشلم کو اس کا دارالخلافہ بنانے تک حماس کی جدوجہد جاری ہے گی‘
خلیل الحیہ نے کہا کہ سنوار کی شہادت اور ان سے پہلے والے شہدا ہماری تحریک کی طاقت و ہمت میں اضافے کا سبب ہیں۔
مزید پڑھیں: اسماعیل ہنیہ پر حملہ کیسے ہوا؟ عینی شاہد نے سب بتا دیا
انہوں نے کہا کہ اسرائیلی قیدی اس وقت تک واپس نہیں کیے جائیں گے جب تک غزہ میں جارحیت بند نہیں ہو جاتی اور وہاں سے فوج کا مکمل انخلا نہیں ہوجاتا اور ہمارے قیدیوں کو جیلوں سے رہا نہیں کردیا جاتا۔
خلیل الحیہ نے کہا کہ حماس فلسطینی سرزمین پر فلسطینی ریاست کے قیام تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس ریاست کا دارالحکومت یروشلم ہوگا۔